ریاض،02اکتوبر(اے پی پی ): سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا، کسی کو بھی پاکستان کے عزم پر شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر وزیر اعظم عمران خان کی غیر متزلزل حمایت پاکستانیوں اور کشمیریوں کے جذبات کی نمائندگی کرتی ہے۔
سعودی میڈیا کے ایڈیٹرز اور صحافیوں کو جموں و کشمیر میں قابض فوج اور انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور مظالم پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے تنازعہ کشمیر کے آغاز پرروشنی ڈالتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کا ذکر کیا جس میں جموں و کشمیر کے عوام سے حق خود ارادیت کا وعدہ کیا گیا تھا۔ سفیر نے بتایا کہ بھارتی وزیر اعظم نہرو نے جموں و کشمیر کے عوام کی مرضی کے مطابق ریاست کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن کشمیریوں کو دھوکہ دیا گیا۔ کشمیری آج تک بہادری سے اپنی حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
سفیر نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کا بنیادی مقصد کشمیر کی آبادی اور جغرافیہ کو تبدیل کرنا ہے تاہم اس عمل کا بدترین حصہ کشمیری عوام کی نقل و حرکت اور مواصلات پر پابندی ہے، آٹھ لاکھ کشمیری گھروں میں قید ہیں۔
راجہ علی اعجاز نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ سفیر نے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر اسلامی تعاون تنظیم اور ممبر ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔
سورس: وی این ایس ، جدہ











