اسلام آباد ، 30 اکتوبر (اے پی پی ):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کیوبا سمیت عالمی برادری کو بھارت پر دباؤ ڈالنا ہو گا کہ وہ نہتے کشمیریوں پر نافذ بلاجواز کرفیو کو فی الفور
ختم کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔زلزلہ ہو یا دیگر قدرتی آفات، کیوبا نے مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ نے کیوبن نائب صدر سلوا ڈور میسا کی وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ آمد پر ان سے ملاقات میں کیا ۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فریقین نے دواسازی، طب اور بائیو ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق
کیا ۔
وزیر خارجہ نے کیوبن نائب صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 5 اگست کو ہندوستان کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے یکطرفہ، غیر آئینی اقدامات نے خطے امن و امان کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے ۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گذشتہ 87 روز سے بدترین کرفیو بھی نافذ ہے ۔
ملاقات میں پاکستان اور کیوبا کے مابین سرکاری و سفارتی پاسپورٹ پر ویزے کی شرط کے خاتمے کے معاہدے پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔
وی این ایس ، اسلام آباد











