اس سال جون تک اسلام آباد ہائیکورٹ نئی عمارت میں منتقل ہوجائے گی:معاون خصوصی اطلاعات

144

اسلام آباد ،25  نومبر (اے پی پی ): وزیر  اعظم کی معاون خصوصی  برائے اطلاعات و نشریات  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا ہے کہ جون تک اسلام آباد ہائیکورٹ نئی عمارت میں منتقل ہوجائے گی،عدالتی عمل سے گزرنے پر سائلین کی مشکلات کا اندازہ ہوا ، اللہ تعالی کی شکر گزار ہوں جس نے سرخرو کیا ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عدالت کو وسائل کی کمی  ہے جسے دور کرنے کے لئے بہترین انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ کو  بھی سہولیات کی ضرورت ہے جبکہ بینچ  اور بار کے میکنزم کی بھی  کمی ہے۔معاون خصوصی  نے  کہا  کہ وزیراعظم عمران خان عدالتی اصلاحات سے متعلق پرعزم ہیں ۔انہوں نے  کہا کہ وزیراعظم کی بنائی گئی کمیٹی اس حوالے سے اقدامات کررہی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے  نئی عمارتوں میں منتقل ہونے سےسائلین  اور وکلاء کی مشکلات دور ہونگی اور انصاف کے عمل میں آسانیاں پیدا ہونگی۔انہوں نے  خواتین کو بطور جج یا وکیل بھرپور طریقے سے کردار ادا کرنے پر بھی زور  دیا ۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا  کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق او آئی سی میں بھی  اہم معاملات اٹھاؤں گی۔ او آئی سی ناروے جیسے واقعات کی حوصلہ شکنی کیلئے  اقدامات اٹھائے۔مقبوضہ کشمیر میں ہر طرح کے انسانی حقوق معطل ہیں ، او آئی سی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آواز سنے۔

اپوزیشن کے حوالے سے  معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے  تمام پلان پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں، عوام نے اپوزیشن کی انتہاپسندانہ سوچ کو مسترد کردیا ہے ۔

وی این ایس ،اسلام آباد

Download video