تعمیرات کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے؛وزیر اعظم عمران خان

153

اسلام آباد ، 11 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس شعبہ کے فروغ سے ہی 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا سب سے اہم منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا، صوبائی اور وفاقی سطح کے ٹیکسوں سمیت مختلف مسائل کے حل کے حوالہ سے قابل عمل تجاویز مرتب کرنے کےلئے چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر کی سربراہی میں چیئرمین ایف بی آر، گورنر سٹیٹ بینک، وزیر خزانہ پنجاب، صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور ہدایت کی کہ کمیٹی آئندہ 24 گھنٹوں میں ٹیکسوں، بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی اور دیگر مشکلات کے حل کے حوالہ سے لائحہ عمل اور سفارشات پیش کرے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو تعمیرات کے شعبہ کی بحالی و فروغ کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تعمیرات کے شعبہ سے 40 کے لگ بھگ صنعتیں منسلک ہیں، تعمیرات کے شعبہ سے جہاں ان صنعتوں کو ترقی ملے گی وہاں نوجوانوں کےلئے نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی عمل کو تیز کرنے کےلئے تعمیرات کے شعبے کا فروغ ازحد ضروری ہے۔ تعمیرات کا شعبہ ہماری حکومت کےلئے بہت اہمیت کا حامل ہے، تعمیرات کے شعبہ کے فروغ سے ہی 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا سب سے اہم منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

اجلاس میں تعمیرات کے شعبہ کو درپیش چیلنجز کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم کو تعمیرات کے شعبہ میں بلڈرز، کنٹریکٹرز، ڈویلپرز اور املاک کی خرید و فروخت میں درپیش مسائل خصوصاً صوبائی و وفاقی سطح پر ٹیکسز کی شرح، بینکوں کی جانب سے سرمایہ فراہم کرنے کے حوالہ سے مشکلات، رجسٹریشن و دیگر سرکاری کارروائیوں کے حوالہ سے درپیش مسائل، بدعنوانی وغیرہ جیسے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بینکوں کی طرف سے تعمیرات کےلئے قرضوں کی فراہمی، صوبوں میں تعمیرات کے شعبہ میں یکساں شرح ٹیکس کے اطلاق اور سرکاری نجی شراکت داری کے فروغ کے حوالہ سے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت، وزیر ہاﺅسنگ پنجاب میاں محمود الرشید، وزیر خزانہ بلوچستان ظہور احمد بلیدی، چیئرمین ایف بی آر سیّد شبرزیدی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سیّد زبیر حیدر گیلانی، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن جہانزیب خان، چیئرمین نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور سینئر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے افسران نے شرکت کی۔

وی  این ایس، اسلام آباد

Download video