حکومت کے اقدامات کے باعث معیشت بہتری  اور ترقی کی جانب   گامزن ہے : حماد اظہر

138

اسلام آباد ، 05نومبر(اے پی پی  ):   وزیر مملکت  برائے   ریونیو  حماد اظہر  نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے معیشت کی بحالی اور ترقی کے لیے   اقدامات کیے ہیں اور ان کے مثبت نتائج   اب معیشت پر نظر آنے شروع  ہو گئے ہیں  اور جلد ہی مزید بہتری بھی نظر آئے گی ۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں  میڈیا کے نمائندوں سے با ت  کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا   کہ  حکومت کے اقدامات کے باعث ہی گزشتہ سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں  نمایاں کمی آئی  جس  کے باعث آئندہ مہینوں میں مہنگائی میں  بھی  کمی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا    کہ   اب ملک کے  زرمبادلہ کے   ذخائر     اور  ملکی اور   غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔  آنے والے دنوں میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ گروتھ میں بہتری آئے گی۔   گزشتہ   تین ماہ میں اسٹاک ایکسچینج میں 5500  پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جو     معیشت کی بہتری کا اشارہ ہے ۔

کارکے کیس میں    حکومت کی  کامیابی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے    وزیر مملکت کا کہنا تھا   کہ   کارکے کیس میں پاکستان کوبڑی کامیابی ملی ہے   حکومت نے کارکے تنازعہ حل کر کے سرمایہ کاری تنازعات کے حل کے عالمی ادارے کی جانب سے عائد کئے گئے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر جرمانے کی رقم بچالی ہے جو   عوام کی فلاح و    بہبود اور ترقی پر خرچ   ہو  گی ۔

حماد اظہر کا کہنا تھا   کہ    معیشت کی ڈاکومنٹیشن اور   ٹیکس نظام میں  اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات ہیں    ۔    حکومت کوششوں  اور ایف بی آر کے اقدامات کے نتیجے میں   ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں  کی تعداد میں اضافہ ہوا۔   ایف بی آر  کے نظام میں بہتری کے لیے اقدامات اور   اصلاحات کی جا رہی ہیں لیکن   ملازمین کو فارغ نہیں  کیا جا رہا۔

انہوں  نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے  بیرونی قرضوں کی واپسی کے پچھلے تمام ریکارڈ  توڑ تے   ہوئے    گزشتہ سال 10 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرضہ اتارا ہے ۔

وی این ایس اسلام آباد

Download Video