مشیر وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار کی زیر صدارت اجلاس، 983ویں سالانہ عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے انتظامات کا جائزہ

1

لاہور،24جولائی:( اے پی پی )  مشیر وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین مذہبی امور کمیٹی علی ڈار کی زیر صدارت 983ویں سالانہ عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عرس کے موقع پر لاکھوں زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی، سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی، طبی سہولیات اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ مرد و خواتین زائرین کے لیے علیحدہ، محفوظ اور منظم انتظامات کیے جائیں گے جبکہ خواتین، بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں گے۔

علی ڈار نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کا سالانہ عرس لاکھوں عقیدت مندوں کی روحانی وابستگی کا مظہر ہے اور داتا دربار آنے والے ہر زائر کو محفوظ، باوقار اور سہولت سے بھرپور ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے انتظامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کریں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں عرس کے دوران مختلف مقامات پر لنگر کے معیار کی باقاعدہ جانچ کریں گی جبکہ زائرین کے تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مؤثر نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صفائی، طبی امداد اور ٹریفک کی روانی کے لیے تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

علی ڈار نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش? کی تعلیمات محبت، رواداری، خدمتِ خلق اور انسانیت کا لازوال پیغام ہیں، جنہیں فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت داتا دربار کے تقدس کے تحفظ اور زائرین کی خدمت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ 983واں سالانہ عرس بہترین انتظامات کے ساتھ منعقد کیا جا سکے۔

اجلاس کی مشترکہ صدارت صوبائی وزیر بلال یاسین نے کی جبکہ سیکرٹری اوقاف، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی ڈی جی پی آر، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ایس پی آئی سی تھری سیف سٹی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔