خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لئے قانون پر عمل درآمد اور سماجی تبدیلی ناگزیر ہے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

150

اسلام آباد ، 25 نومبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لئے قانون پر عمل درآمد اور سماجی تبدیلی ناگزیر ہے، ہمیں ہر قسم کے تشدد کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے حوالے سے ایوان صدر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس حوالے سے قانون تو موجود ہے لیکن اس پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرتی سطح پر اس مسئلہ پر سوچنا ہوگا اور اس کو ہر سطح پر اجاگر کرنا ہوگا۔ انہوں نے میڈیا کے کردار کے حوالے سے کہا کہ وہ معاشرے میں خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لئے معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ ایسے مسائل پر عوام میں آگاہی انتہائی ضروری ہے۔ ہمیں ان مسائل پر بات کرنی ہو گی اور ہر قسم کے تشدد کی حوصلہ شکنی کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کےلئے خواتین کا تحفظ انتہائی ضروری ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل اور ہراساں کرنے کے واقعات کا خاتمہ ضروری ہے۔ ہمیں بچوں کے خلاف جرائم کا بھی خاتمہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں خواتین کے خلاف جرائم روکنے کیلئے موثر قوانین بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف مقدمات کا فیصلہ چھ ماہ میں ہو جانا چاہئے۔ ان معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے تشدد یا کسی واقعہ کے خلاف شکایت کرنا مشکل ہوتا ہے، گھریلو خواتین تشدد سے متعلق شکایات کے لئے بھی نہیں جا سکتیں۔ اس معاملے میں ہمیں خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے 188 ممالک میں پاکستان کے 164 ویں نمبر پر آنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے معاشرے میں خواتین کو ہراساں کرنے کے بڑھتے ہوئے مقدمات کا ذکر کرتے ہوئے اس حوالے سے قوانین پر موثر عمل درآمد پر زور دیا۔ انہوں نے حق وراثت سمیت خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے کی بھی حمایت کی اور کہا کہ اس سے خواتین پر تشدد کے واقعات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download Video