خوشی ہے کہ لوگوں نے ٹیکس دینا شروع کردیا:وزیراعظم عمران خان

132

اسلام آباد ، 25 نومبر (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی انسانی زندگی کے لئے انتہائی خطرناک ہے، پاکستان کو صاف اور سرسبز بنا کر مثالی ملک بنائیں گے،ساری قوم کو مل کر ماحولیاتی آلودگی کا مقابلہ کرنا ہو گا، پاکستان کی اگر ہم قدر کریں تو یہ سونا اگلے گا اور بڑا سیاحتی مرکزبن کر ابھرے گا، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں نیا تاریخی بلدیاتی نظام لے کر آ رہے ہیں، لوگ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے، ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے،  خوشی ہے کہ لوگوں نے ٹیکس دینا شروع کردیا ، ٹیکس کے پیسے ملک کو ٹھیک کرنے اور ماحول کو بہتربنانے پر خرچ کریں گے۔

پیر کو ملک میں کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کے حکم پر نہ چلنے والی قومیں برباد ہوجاتی ہیں۔ ہمیں دنیا میں ایسے کام کرنے چاہئیں جن کے اثرات سینکڑوں اور ہزاروں برس تک رہیں۔ جب تک کوئی قوم آنے والی نسلوں کے لئے نہیں سوچتی تو اس کے لئے بربادی ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 35 سال قبل لاہور صاف ستھرا شہر تھا، آج وہاں پر سانس لینا بھی محال ہے۔ آلودگی ایک خاموش قاتل ہے اور لاہور دنیا میں دوسرا یا تیسرا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے۔ ماحولیاتی آلودگی انسانی زندگی کے لئے انتہائی خطر ناک ہے۔ افسوناک ہے کہ لاہور ماحولیاتی آلودگی سے بہت متاثر ہے ۔ لاہور میں 70 فیصد درخت کاٹ دیئے گئے ۔ اب وقت آ گیا ہے کہ سب مل کر پاکستان کو سر سبز بنائیں۔ لاہور میں ماضی میں صاف ستھرا شہر تھا آج دریائے راوی بھی سیوریج کا ڈھیر بن چکا ہے۔ سیوریج کا پانی دریاﺅں میں پھینکا جاتا ہے اور یہی آلودہ پانی لوگ پیتے اور فصلوں کو دیتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اکیلے یہ کام نہیں کر سکتی ۔ انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو صاف اور سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ پاکستان اللہ تعالیٰ کا تحفہ ہے جس کی ہم قدر نہیں کر رہے اگر قدر کریں گے تو یہی پاکستان سونا اگلے گا۔ اتنی خوبصورتی دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں ہے۔ یہاں ہر قسم کا موسم اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ پاکستان دنیا میں معدنیات سے مالا مال 10 بڑے ممالک میں شامل ہے۔ ساری قوم کو مل کر ماحول کی آلودگی کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ پاکستان خوبصورتی کی وجہ سے بڑا سیاحتی مرکز اور اہم ملک بن کر ابھرے گا۔ طلباءپاکستا ن کا مستقبل ہیں، انہیں صاف اور سرسبز مہم میں بھر پور شرکت کرنی چاہیے۔ وزیر اعطم نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پہلی مرتبہ ایسا تاریخی بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس میں لوگ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔ نئے بلدیاتی نظام کے تحت گاﺅں کے لوگ بھی اس میںبھر پور حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہماری حکومت نہیں ہے تاہم سندھ نے ترقی کرنی ہے تو یہی بلدیاتی نظام اپنانا ہو گا، اس کے بغیر وہ ترقی نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان کے نظریئے کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ نئے پاکستان کے لئے پہلے ذہنوں میں تبدیلی آئے گی۔ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں تمام نوجوا ن حصہ لیں اور کلین اینڈ گرین چیمپین بنیں۔ حضور اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے۔ حکومت کی اس پر پوری توجہ ہے ۔ فنڈز بھی آہستہ آہستہ بڑھائیں گے۔ خوشی ہے کہ لوگوں نے ٹیکس دینا شروع کردیا ہے اورٹیکس کے پیسے عوام اور ماحول پر خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے خیبر پختونخوا میں پچھلے5 سالوں میں 5 ارب درخت لگائے ہیں اور اب جو بھی جگہ خالی ہو گی درخت لگائے جائیں گے۔ ملک کو صاف اور سرسبز بنائیں گے۔ اس عظیم مقصد کے لئے سکولوں کے طلباءو طالبات میرا بھر پور ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال کے قیام کے لئے بھی طلباءنے مجھ سے بہت تعاون کیا تھا۔ ان کے تعاون کے بغیر اس ہسپتال کی تعمیر ممکن نہ تھی۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download Video