سیاحوں کیلئے ویزا پالیسی میں نرمی کیلئے موجودہ پالیسی پر نظرثانی کی جائے گی:ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

183

اسلام آباد ، 5 نومبر (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے پہلی الیکٹرک وہیکل پالیسی، وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کو انتظامی اور پالیسی سے متعلقہ امور پر الگ کرنے، باباگورنانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والوں کیلئے 2 دن کی فیس معافی، پاسپورٹ کی شرط ایک سال کیلئے ختم کرنے کی منظوری دی ہے، سیاحوں کیلئے ویزا پالیسی میں نرمی کیلئے موجودہ پالیسی پر نظرثانی کی جائے گی، میجر جنرل محمد عامر حمید کو ڈی جی رینجرز پنجاب تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

 کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملکی معیشت کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کابینہ کے گذشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس کے بعد پی آئی ڈی میں ملک امین اسلم کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تین ماہ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے انتھک محنت اور کوشش کریں، تمام وزراءاور وفاقی سیکرٹریز اپنی وزارتوں میں عوامی مفادات کو مدنظر رکھیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملکی آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، انہیں بااختیار بنانے، چھوٹے کاروبار شروع کرنے کیلئے بہتر اقدامات اٹھائے جائیں اور نوجوانوں کو اس میں اولین ترجیح دی جائے، روزگار کیلئے نئے مواقع اور پالیسی ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی، وزیراعظم ہر وزارت کی کارکردگی کا خود جائزہ لیں گے جہاں تاخیر ہو گی اس کی مانیٹرنگ کریں گے تاکہ بروقت فیصلے کئے جا سکیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں معیشت سے جڑے تمام چیلنجز کا جائزہ لیا گیا اور معیشت کی سمت کو درست قرار دیا گیا۔ وزیراعظم نے کابینہ کو موجودہ سیاسی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے باور کرایا کہ معیشت کے تمام اشاریے مثبت ہیں اور یہ برقرار رہیں گے، اس کے راستے میں سیاسی مخالفین کی رکاوٹیں خیبرپختونخوا کی طرح مفید نہیں رہیں گی جہاں پہلا سال مشکل رہا لیکن اصلاحات کی وجہ سے پی ٹی آئی کو وہاں عوام نے دوبارہ اقتدار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو اصلاحات متعارف کرائی ہیں اس میں سٹیٹس کو سے مستفید ہونے والے لوگ رکاوٹ بنے ہیں تاہم وزیراعظم نے کابینہ کو ایک بار پھر یقین دہانی کرائی کہ ہم اپنے ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، یہ پاکستان کا ایجنڈا ہے، اس گلے سڑے نظام سے چھٹکارا کیلئے ہمیں آگے بڑھنا ہے، کابینہ کا امتحان ہے کہ کیسے چیلنجز سے نمٹا جائے، ہم نے چیلنجز کو مواقع میں بدلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اشاریے معیشت کے دلدل سے نکلنے کے ثبوت ہیں۔

اجلاس کے دوران نادرا کو ہدایت کی گئی کہ وہ عالمی معیار کے آڈیٹر سے اپنا آڈٹ کرائیں، نادرا میں بورڈ کی تشکیل فی الفور کی جائے تاکہ یہ ادارہ مکمل بااختیار بن کر کام کر سکے۔ اجلاس کے دوران میجر جنرل محمد عامر حمید کو ڈی جی رینجرز پنجاب تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران سی ڈی اے میں اصلاحات کے حوالہ سے ڈاکٹر عشرت حسین نے کابینہ کو آگاہ کیا، کابینہ نے اس کی منظوری دی جس کی روشنی میں سی ڈی اے کے انتظامی اور پالیسی سے متعلقہ امور کو علیحدہ علیحدہ کر دیا گیا ہے، اس کے ڈی جی اور ایم ڈی پرائیویٹ سیکٹر سے لئے جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت کی اصلاحات کا کام سی ڈی اے کو تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کابینہ کی بہتری کیلئے 5 ارب روپے کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، یہ وفاق کا چہرہ ہے، اسے لوکل گورنمنٹ سسٹم کے ماتحت کیا جائے گا، تین سے چھ ماہ میں اس کا عبوری انتظام کیا جا رہا ہے، اسلام آباد میں دیگر صوبوں کی طرح نیا بلدیاتی نظام لایا جا رہا ہے، اس میں اصلاحات لائی جائیں گی، سروس ڈلیوری کو لوکل گورنمنٹ کے ساتھ جوڑا جائے گا۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download Video