مثبت معاشی اشاریے اقتصادی استحکام کی علامت ہیں،پاکستان مشکل حالات سے نکل آیا ہے: فردوس عاشق اعوان

193

اسلام آباد ، 12 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مثبت معاشی اشاریے اقتصادی استحکام کی علامت ہیں، معاشی استحکام کے ساتھ عوامی توقعات پر پورا اتریں گے، پاکستان مشکل حالات سے نکل آیا ہے اور مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے، مثبت معاشی اشاریے اقتصادی استحکام کی علامت ہیں، ملکی محصولات کی آمدن طے کردہ اہداف سے زیادہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں جولائی سے اکتوبر تک کے معاشی اہداف حاصل کر لئے ہیں، مشیر خزانہ نے کابینہ کو اقتصادی اشاریوں پر خصوصی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستحکم معاشی حالات کے عالمی ادارے بھی معترف ہیں۔

ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں تیزی حکومت کی مثبت پالیسیوں کا مظہر ہے، حکومت صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہے، صوبائی حکومتوں سے ماہانہ کارکردگی رپورٹ مانگی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، پاکستان مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پا رہا ہے، معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ عوامی توقعات پر پورا اتریں گے، پاکستان مشکلات حالات سے نکل آیا ہے، ثمرات عوام تک پہنچانے میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ  حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز کو عوام کی روز مرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کے لئے 6 ارب روپے دیئے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کی رفتار میں اضافہ کیا گیا ہے۔تجارتی طبقے کیلئے کاروبار کرنے میں نمایاں آسانیاں پیدا کی گئی ہیں،کاروبار آسان بنانے کے سلسلے میں غیرضروری طریقہ کار ختم کردیئے گئے ہیں،آسان کاروباری مواقع کے نظام کو مزید موثر بنایا جارہا ہے۔انہوں  نے کہا کہ چین کے ساتھ سی پیک کی رفتار تیز کرنے  اور جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کا عزم  کیا ہے،ایم ایل و ن منصوبے سے ریلوے کے فرسودہ نظام میں تبدیلی آئے گی۔سی پیک کا مغربی روٹ مکمل کرنے کیلئے بھی اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔

معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے 21 ملکوں میں 4ہزار 636سے زائد قیدی  وطن واپس آئے ہیں،وزیراعظم کی کاوشوں سے 1594  قیدی سعودی عرب جبکہ 345 ملائیشیا  کی قیدوں سے آزاد ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوازشریف  کو بہترین علاج معالجے  کی سہولت فراہم کرہی ہے،کابینہ کی ای سی ایل سے متعلق   ذیلی کمیٹی میں نوازشریف کا معاملہ زیرغور آیا،وزیرقانون نے ذیلی کمیٹی کی رپورٹ سے متعلق وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا، وزیراعظم معاملے کو سیاست کے بجائے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیکھ رہے ہیں،وزیراعظم عمران خان کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے کابینہ ارکان کی رائے لیتے ہیں۔ کابینہ اجلاس میں نوازشریف کی صحت کےحوالے سے  ذیلی کمیٹی اور میڈیکل بورڈ کی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ وزیرقانون نے معاملے پر مکمل قانونی پہلوؤں کا جائزہ پیش کیا۔

معاون خصوصی  نے مزید  کہا کہ حکومت صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے، صوبائی حکومتوں سے ماہانہ کارکردگی رپورٹ مانگی جارہی ہیں جبکہ وزرا کی کارکردگی کو بھی پرکھا جائے گا۔

وی این ایس، اسلام آباد

 

Download Video