ملائشیا کے نائب وزیر خارجہ کیجانب سے شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں خیرمقدمی عشائیہ کا اہتمام

221

کولا لمپور  ، 04نومبر(اے پی پی ):ملائشیا کے نائب وزیر خارجہ احمد مرزوقی یحییٰ  نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں خیرمقدمی عشائیہ کا اہتمام کیا ۔عشائیہ تقریب میں پہنچنے  پر ملائشیا کے نائب وزیر خارجہ نے  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، ملائشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ء ملائشیا اور وزیر اعظم ملائشیا مہاتیر محمد کے دورہ ء پاکستان نے دو-طرفہ تعلقات کو تقویت دی۔

وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر بھارتی دھمکیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اصولی موقف اپنانے اور پاکستان کے نقطہ ء نظر کی تائید پر ملائشیا کی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مسلم ممالک کو درپیش مسائل اور ان مسائل سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل  کی ضرورت ہے۔

دونوں رہنماؤں نے  پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تعلیم ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت سمیت دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے  پر اتفاق کیا جبکہ  دوران ملاقات اسلامو فوبیا، مسلم اقلیتوں پر جاری جبر و استبداد، مسلم ممالک میں پائی جانے والی غربت اور جہالت ، مسلم امہ کی صفوں میں اتحاد کے فقدان جیسے موضوعات بھی زیر بحث آئے۔

دونوں رہنماؤں نے   تعلیم، نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے، آئی ٹی اور زراعت کے شعبہ میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پرتکلف عشائیے پر ملیشین نائب وزیر خارجہ مرزوقی یحییٰ کا شکریہ بھی  ادا کیا۔

وی این ایس، اسلام آباد

Video Download