مولانا فضل الرحمان کا پہلے دن سے ہی کوئی جمہوری اور آئینی مطالبہ نہیں:ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان

118

اسلام آباد ، 6 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریا ت ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یرغمالی مارچ کے قائدین بستر پر آرام کر رہے ہیں اور سیاسی بھینٹ پر چڑھانے کے لئے لائے گئے بے چارے کارکنان کھلے آسمان تلے شدید سردی میں ٹھٹھر رہے ہیں ،مولانا فضل الرحمان کا پہلے دن سے ہی کوئی جمہوری اور آئینی مطالبہ نہیں تھاجسے حکومت سنجیدہ انداز سے زیر بحث لاکر اس پر واضح لائحہ عمل طے کرتی۔

بدھ کو یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانافضل الرحمان سے حکومتی مذاکراتی ٹیم جتنی دفعہ ملی ہے اس میں ہر دفعہ نئی بات کی جاتی رہی جس کا پچھلی باتوں سے کوئی تعلق واسطہ ہی نہیں بنتا ،امید رکھتے ہیں کہ رہبر کمیٹی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی جلد اسلام آبادکے لوگوں کو ہیجانی کیفیت سے نکالے گی اورمعاملے کا آئینی اور قانونی راستہ نکلے گا، ناموس رسالت پر درس دینے والے مولانا فضل الرحمان اس حکومت کا حصہ تھے جس نے ناموس رسالت قانون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ،میڈیا گواہ ہے اس وقت مولانا نے نہ کوئی دھرنا دیا ،نہ آواز اٹھائی اور نہ ہی اپنی اتحادی جماعت کو آڑے ہاتھوں لیا ، عالم دین جب ممبر پر بیٹھ کر قیاس آرائیاں ،بہتان تراشی کا سہارا لیتا ہے تو دنیا اور آخرت میں رسوائی اس کا مقدر بن جاتی ہے، دنیا کا منفرد واقعہ ہے کہ شدید ترین بیمار شخص نے ہسپتال کے بجائے گھر کو ترجیح دی ہے ۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاک لہو سے کشمیر کی جو داستان لکھی گئی انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہم سب یہاں اکٹھے ہوئے ہیں لیکن میڈیا کے لئے بہت ضروری موضوع اسلام آباد کے اندر ایک ایسا مارچ ہے جس کو نام آزادی کا دیا گیا لیکن وہ یرغمالی مارچ بن گیا ،اس طرح کے موسم میں جہاں ورکرز میدان میں ہیں اور قیادت بستر آرام پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے توسط سے قومی اخبارات میں ہیڈ لائن لگی جس میں یہ کہا گیا کہ حکومت نے باور کرایا ہے کہ عمران خان کے استعفی کے علاوہ ہر مطالبہ ماننے کے لئے تیار ہے ،یہ خبر غلط ، مس رپورٹنگ اورمس لیڈنگ ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اسرائیل کے حوالے سے بیان پوری قوم اور دنیا نے سنا جس میں انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ جب تک فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہوتا کسی قسم کے امن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں میاں نواز شریف صاحب بہترین سہولیات لینے کے لئے گھر تشریف لے گئے ہیں دنیا کا ایسا منفرد واقعہ ہے کہ شدید ترین بیمار شخص علاج معالجے کے لئے گھر منتقل ہو جاتا ہے ،مریم نواز کو خاتون ہوتے ہوئے ریلیف دیا گیا ہے کہ وہ والد کی بہترین تیمار داری کریں ،20کروڑ عوام کی نظریں جاتی امراءکی طرف مرکوز ہیں جس مقصد کے لئے ضمانت دی گئی ہے کہ بہترین نرسنگ کیئر اور سہولت فراہم کریں گی کہ جلد ان کے والد بہتر ہوں ،ہر قیدی ایسا نہیں ہوتا جو بیماری کی وجہ سے آزاد ہو اور علاج کے لئے ہسپتال کے بجائے گھر کے اندر میڈیکل یونٹ بنانے کی استعداد رکھتا ہو۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد

Video