اسلام آباد، 10جون(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان توانائی، لاجسٹکس اور مینوفیکچرنگ کا علاقائی مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ ملک کا جغرافیائی محلِ وقوع بڑے صنعتی اور توانائی منصوبوں کے لیے غیر معمولی مواقع فراہم کرتا ہے۔
یہ بات انہوں نے پاکستان کی پہلی ڈیپ کنورژن گرین فیلڈ ریفائنری، اسپیک ریفائنری کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں بلوچستان کے علاقے حب میں مجوزہ جدید ریفائنری منصوبے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسپیک ریفائنری کے چیئرمین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے سے تقریباً دو ہزار براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی ڈیپ کنورژن ریفائنری اعلیٰ معیار کی پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں معاون ثابت ہوگی اور ملک کی توانائی سلامتی و صنعتی ترقی کو مزید مضبوط بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی ابتدائی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں اور اس کی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
وفد نے حکومت سے گرین فیلڈ ریفائنری پالیسی پر مؤثر عملدرآمد اور ضروری منظوریوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست بھی کی۔
وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ حب ریفائنری جیسے منصوبے صنعتی استعداد، توانائی سلامتی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت صنعتی ترقی، درآمدی متبادل اور برآمدات کے فروغ میں معاون سرمایہ کاری کی مکمل حمایت کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریفائنری کے ساتھ پیٹروکیمیکل صنعتوں کے قیام سے صنعتی پیداوار اور برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا، جس سے قومی معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔











