وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اشیاءضروریہ کی وافر فراہمی اور قیمتوں میں کمی لانے کے حوالہ سے اجلاس

149

اسلام آباد ، 07 نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اشیاءضروریہ کی وافر فراہمی اور قیمتوں میں کمی لانے کے حوالہ سے جمعرات کو یہاں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، وفاقی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری انڈسٹریز، سیکرٹری مواصلات، چیئرمین یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن ذوالقرنین علی خان، سی ای او این آئی ٹی بی سیّد شباہت علی شاہ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

 اجلاس میں عام آدمی کے استعمال میں آنے والی اشیاءضروریہ مثلا آٹا، گھی، چینی، دالیں اور چاول کی وافر فراہمی اور ان اجناس کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالہ سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی فلاح و بہبود ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس پروگرام کے کم آمدنی والے اور غربت سے متاثرہ افراد کو اشیاءضروریہ کی فراہمی کےلئے تجاویز پیش کیں۔ چیئرمین یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن ذوالقرنین نے وزیراعظم کو ملک بھر میں پھیلے یوٹیلیٹی سٹورز کے نیٹ ورک اور اشیاءضروریہ کی فراہمی اور قیمتوں میں کمی لانے کے حوالہ سے تجاویز پیش کیں۔ چیئرمین یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن نے بتایا کہ اس وقت یوٹیلیٹی سٹور کے 4 ہزار مرکز موجود ہیں جو اشیا ضروریہ کی فراہمی اور ان کی قیمتوں میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات نے تجویز پیش کی کہ یوٹیلیٹی سٹور کے 4 ہزار مراکز کے علاوہ ملک کے  دور دراز علاقوں میں موجود پاکستان پوسٹ کے آفسز کو بھی اس مقصد کےلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی فرد بھوکا نہ سوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کا یہ فرض پورا کرنے کےلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ذمہ داری نہ صرف اشیاءضروریہ کی وافر فراہمی کو یقینی بنانا ہے بلکہ ان کی قیمتوں پر بھی قابو پانا ہے تاکہ کم آمدنی والے اور غربت کے شکار افراد اور خاندانوں کو ضرورت کی بنیادی اشیاءباآسانی میسر آئیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاءضروریہ کی وافر فراہمی اور غریب افراد کےلئے ان اشیاءکی کم قیمت پر فراہمی سے متعلق تجاویز کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے تاکہ ان پر عملدرآمد کیا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد