حکومت سرکاری املاک کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے بروئے کار لانے کے لئے پرعزم ہے: وزیر اعظم

135

اسلام آباد ، 07نومبر(اے پی پی): وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں سرکاری اراضی کو فلاحی مقاصد کے لئے بروئے کار لانے بالخصوص پنجاب کوآپریٹو بورڈ فار لیکوڈیشن کے زیر انتظام املاک کو عوامی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیرِاعظم کو صوبہ پنجاب میں سرکاری املاک کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے بروئے کار لانے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرپرسن پنجاب کوآپریٹیو بورڈ برائے لیکوڈیشن (پی سی بی ایل) بشریٰ امان نے ادارے کے ملکیت میں مختلف املاک کے بارے میں وزیرِ اعظم کو بتایا کہ پی سی بی ایل کی ملکیت میں 293 املاک ہیں جن میں سے زرعی، کمرشل اور رہائشی جائیدادوں پر مشتمل 98 املاک نیلامی کے لئے فوری طور پر میسر ہیں۔ ان کی مالیت کھربوں روپے ہے۔ بقیہ املاک سے متعلق مقدمات مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

 وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ پی سی بی ایل کی نئی انتظامیہ نے گذشتہ چھ ماہ میں اربوں روپے کی املاک کو ناجائز قبضے سے واگزار کرایا ہے۔ وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے ملک میں جہاں معیشت اور وسائل کا بڑا حصہ بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں میں صرف ہوتا ہو وہاں ماضی میں سرکاری املاک کو موثر طریقے سے بروئے کار نہ لانا مجرمانہ غفلت تھی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بطور پالیسی سرکاری املاک (ڈیڈ ایسٹ) کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے بروئے کار لانے کے لئے پرعزم ہے اور ان سے ہونے والی آمدن کو معاشی عمل تیز کرنے اور نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے کے لئے صرف کیا جائے گا۔

وزیرِاعظم نے پی سی بی ایل انتظامیہ اور وزیرِ قانون پنجاب کو ہدایت کی کہ ادارے کی املاک سے متعلقہ مقدمات کے جلد فیصلوں کے لئے کوششیں تیز کی جائیں اور اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل ترین حالات میں حکومت سنبھالی، معیشت کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کرنا ضروری تھے تاہم ان اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں اور آج ملک کی معیشت میں استحکام آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے، معاشی عمل تیز کرنے اور خصوصاً نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے کے لئے کوششیں مزید تیز کرنا ہوں گی۔

اجلاس میں وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم، وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر برائے کوآپریٹیو مہر محمد اسلم بھروانہ، وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ، چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

سورس: وی این ایس ، اسلام آباد