وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا پاکستانی ہائی کمیشن کوالالمپور میں کمیونٹی سینٹر کا افتتاح

148

اسلام آباد ،05نومبر (اے پی پی ): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کوالامپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔ہائی کمیشن پہنچنے پر پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور سفارتخانے کے سینیرحکام نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیرمقدم کیا۔

وزیر خارجہ نے پاکستانی ہائی کمیشن کولالمپور میں قائم کیے گئے کمیونٹی سروس سینٹر کا افتتاح کیا۔یہ کمیونٹی سروس سینٹر، ملائیشیا، پاکستان بزنس کونسل (MALPAK ) کے زیر اہتمام “لوگوں کے ذریعے، لوگوں کیلئے” کے منشور کے تحت کام کر رہا ہے۔اس کمیونٹی سروس سینٹر کے قیام کا مقصد لوگوں کیلئے، ایک ہی جگہ پر تمام قونصلر سروسز کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔

اس موقع پر  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملائیشیا میں 80 ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں  جو یہاں اپنا خون پسینہ ایک کر کے سالانہ کثیر زر مبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے –  “کمیونٹی سروس سینٹر ” کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کمیونٹی سروس سینٹر، قونصلر سیکشن سمیت سفارت خانے کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کا دورہ کیا ویزہ کے حصول کے لیے قونصلر سیکشن میں موجود پاکستانیوں نے وزیر خارجہ کو اپنے درمیان پا کر بھرپور خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بنوائیں ۔

وزیر خارجہ نے کمیونٹی سروس سینٹر کے زیر اہتمام ہائی  کمیشن  میں “کیش ڈپازٹ مشین (CDM) کا بھی افتتاح کیا اور خود مشین میں کیش جمع کروایا۔

وزیر خارجہ نے اس کمیونٹی سروس سینٹر کے قیام کیلئے پاکستان ہائی کمیشن کوالالمپور اور” ملائیشیا پاکستان بزنس کونسل “(MALPAK ) کی کاوشوں کو  بھی سراہا۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download video