اسلام آباد,27 نومبر (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے خوشگوار دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پاکستان پارلیمانی و تجارتی تعاون کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے رومانیہ کے سفیر نیکولے گویا نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ رومانیہ یورپی یونین کا ایک اہم ملک ہے اور یورپی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین میں جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول میں رومانیہ کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کی اراکین پارلیمنٹ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رومانیہ کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پاک رومانیہ فرینڈ شپ گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں جس سے رومانیہ کے سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا اواقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ اس قسم کے واقعات مختلف مذاہب کی ماننے والوں کے درمیان نفرت اور تلخیوں کا باعث بنتے ہیں
رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ رومانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے اور رومانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔
وی این ایس، اسلام آباد