پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اسلامک ریلیف ورلڈ وائیڈ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

148

اسلام آباد ، 27 نومبر (اے پی پی):  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، حکومت موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی اور نقصانات میں کمی کے لئے منصوبہ وضع کرنے کے لئے تمام متعلقہ فریقوں سے مل کر کام کررہی ہے۔ وہ بدھ کو ایوان صدر میں اسلامک ریلیف ورلڈ وائیڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت شمولیت اور پائیدار ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ صدر مملکت نے اسلامک ریلیف ورلڈ وائیڈ کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے جاری احساس انڈر گریجوایٹس سکالر شپ پروگرام میں تعاون کی دعوت دی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو 2005ءمیں زلزلے اور 2010ءاور 2011ءمیں سیلابوں کے باعث انسانی صورتحال کے چینلجز کا سامنا کرنا پڑا تاہم شراکت داروں کے تعاون سے ان چیلنجز پر قابو پایا گیا۔ صدر نے اسلامک ریلیف ورلڈ وائیڈ کے بالخصوص پاکستان کے سماجی شعبے میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے زور دیاکہ خواتین کو بااختیار بنانے، موسمیاتی تبدیلی، آبادی پر کنٹرول ، غیر صحتمندانہ انداز زندگی اور معذور افراد کی مشکلات سمیت سماجی مسائل کے حل اور اجاگر کرنے میں مساجد کا اہم کردار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اسلامک ریلف ورلڈ وائیڈ کی صحت، ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن، واش (پانی، صفائی اور خوراک) اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں سرکاری اداروں کی مدد کو سراہا۔ انہوں نے اسلامک ریلیف پر زور دیا وہ صحت سہولت پروگرام کے تحت مستحق طبقوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے حکومت سے تعاون کے لئے مقامی محکمہ صحت کو ضروری وسائل اور بنیادی ڈھانچہ کے لئے مل کر کام کریں۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download Video