وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی   کی سری لنکا کے وزیر اعظم میہندا راجاپاکسا سے ملاقات

0
37

کولمبو (سری لنکا)، 02 دسمبر(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے  سری لنکا کے نئے وزیر اعظم میہندا راجاپاکسا سے پیر کو  یہاں  ملاقات کی ، دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے وزیراعظم مہیندا راجا پاکسا کو ان کے بطور وزیر اعظم تقرری پر وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی طرف سے دلی مبارکباد دی اور وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی خط پیش کیا۔ اس خصوصی خط میں وزیر اعظم عمران خان نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی ہے۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی  نے نئے سر لنکن  وزیر اعظم سے   کہا کہ آپ کے بطور صدر سری لنکا، گزشتہ ادوار میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت مثالی رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان آپ کے ساتھ ملکر کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے متمنی ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں پوری توقع ہے کہ آپ کی مقبول قیادت میں سری لنکا امن و استحکام اور خوشحالی کے رستے پر گامزن ہو گا ،پاکستان کی سیاسی قیادت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔

وزیر خارجہ  نے کہا کہ ستمبر 2019 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ دوبارہ بحال ہوئی،ہم  آئندہ ٹیسٹ سیریز میں شرکت کیلئے سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سری لنکن وزیر اعظم کو پاکستان کی طرف سے شروع کی گئی” معاشی سفارتکاری “کے خدوخال سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے متعدد مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ممالک بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔

سری لنکا کے وزیر اعظم مہیندا راجا پاکسا نے سری لنکا تشریف آوری پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو خوش آمدید کہتے ہوئے  وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے بھجوائے گئے خصوصی تہنیتی پیغام اور دورہ ء پاکستان کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

دوران ملاقات  پاکستانی وفد میں ڈی جی جنوبی ایشیا اور وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل، سری لنکا میں تعینات قائم مقام پاکستانی ہائی کمشنر سمیت پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام شریک تھے ۔

وی  این ایس، اسلام آباد

 

Download Video