انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ 15-19 دسمبر تک اسلام آباد میں جاری رہے گا

181

اسلام آباد، 10 دسمبر(اے پی پی ): پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر  عامر مسعود  نے کہا ہے  کہ اگلے تین چار سالوں میں پاکستان کو اسکواش میں ورلڈ چیمپیئن  بنا کر اسکواش کے گولڈن دور کو بحال کریں گے۔ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے سربراہان کی جانب سے  ورلڈ چیمپیئن شپ پاکستان میں منعقد کرانے کی امید جاگی ہے۔

اسلام آباد میں منگل کے روز پاکستان اسکواش فیڈریشن، پاکستان ائیر فورس اور سرینا ہوٹلز کی مشترکہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئےعامر مسعود کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل اسکواش جلد بحال ہو جائے گی، پاکستان اسکواش کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔ ایک عرصہ سے پاکستان میں بین الاقوامی اسکواش مقابلے منعقد نہیں کیے جا رہے، ماضی میں پاکستان کو سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر انداز کیا جاتا رہا لیکن اب حالات ویسے نہیں، پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے۔ سکواش کی عالمی تنظیم کے نمائندوں نے سیکورٹی صورتحال کو مثبت قرار دیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے، لیکن انفرادی محنت، لگن اور جستجو کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔نوجوان کھلاڑیوں کو ٹرین کرنے کے لئے باہر سے کوچز منگوائیں گے، تعلیمی اداروں کے ساتھ بھی مہم شروع کی ہے۔تعلیمی اداروں میں اسکواش کھیلنے کا رجحان بڑھایا جارہا ہے۔

سیکریٹری پاکستان اسکوائش فیڈریشن کیپٹن طارق سلطان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسکواش کی ایک طویل تاریخ ہے، بین الاقوامی اسکواش کو پاکستان میں بحال کرنا ایک چیلنج تھا۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن نے اس سال سپانسرز کی مدد سے ٹورنامنٹس منعقد کر وائے ہیں،پاکستان اسکواش فیڈریشن نے ہمیشہ پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔

ٹورنامنٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  یہ ٹورنامنٹ سرینا ہوٹلز، پاکستان اسکواش فیڈریشن اور پاکستان ائیرفورس کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، ٹورنامنٹ 15-19 دسمبر تک جاری رہے گا، ٹورنامنٹ میں مصر، اردن، ملائیشیا، ہانگ کانگ، جرمنی اور دیگر ملکوں سے کھلاڑی شریک ہونگے۔

سرینا  کے مینجر مارکیٹنگ حسین نے کہا کہ سرینا اور اسپورٹس ڈپلومیسی کا پرانا ساتھ ہے،اسپورٹس ڈپلومیسی سے تعلقات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

وی  این ایس،  اسلام آباد

 

Download Video

 

8:11