بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت اور معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے: وزیر اعظم  عمران خان

181

اسلام آباد ، 13 دسمبر (اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بچے معاشرے کا مستقبل ہوتے ہیں، معاشرے کے مستقبل کے خلاف جرائم اور خصوصاً معصوم بچوں کا جنسی استحصال پورے معاشرے کے لئے باعث شرم اور افسوس ناک ہے، بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا نہ صرف حکومت بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔

جمعہ کو بچوں سے متعلقہ جرائم خصوصاً بچوں کے جنسی استحصال کی موثر روک تھام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے وزارتِ انسانی حقوق کو بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لئے وزارتِ داخلہ اور صوبائی حکومتوں کی مشاورت اور معاونت سے قومی سطح پر نیشنل ایکشن پلان کو آئندہ دو ہفتوں میں حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ بچوں کے تحفظ اور ان کو جنسی جرائم سے محفوظ رکھنے کے لئے سول سوسائٹی اور خصوصاً میڈیا بھرپور کردار ادا کرے تاکہ جہاں بچوں کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے وہاں بچوں کے والدین اور کمیونٹی کی سطح پراس ضمن میں زیادہ آگا ہی اور شعور بیدار کیا جاسکے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ملک میں بچوں کے خلاف جرائم خصوصاً جنسی استحصال، بچوں سے متعلقہ فحش مواد، حالیہ دنوں میں سامنے آنے والے چند افسوس ناک واقعات اور ایسے جرائم کی روک تھام کے حوالے سے انتظامی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب نے اجلاس کو زینب کیس، چونیاں کیس اور راولپنڈی کیس کے حوالے سے سامنے آنے والے حقائق، صوبہ پنجاب میں بچوں سے متعلقہ جرائم کی شرح اور قصور اور چونیاں جیسے اندوہناک واقعات کو کیس سٹڈی کے طور پر سامنے رکھتے ہوئے ان کی موثر روک تھام کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

 اجلاس میں بچوں کے جنسی استحصال کے حوالے سے قانونی، سماجی و معاشرتی، اقتصادی و دیگر عوامل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اوران واقعات و جرائم کی روک تھام کے حوالے سے وفاق اور صوبائی سطح پر اب تک کیے جانے والے اقدامات پر غورکیا گیا۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ان کی ہدایت کے مطابق “اپنا بچہ” اپلیکیشن تیار کی جاچکی ہے تاکہ گم شدہ بچوں کی فوری رپورٹ تمام آئی جیز اور سینئر حکام تک پہنچائی جاسکے۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارتِ داخلہ میں جرائم کے حوالے سے اور خصوصاً بچوں سے متعلقہ جرائم میں ملوث افراد کا قومی سطح پر نیشنل کرائم ڈیٹا بیس مرتب کیا جائے گا۔ یہ ڈیٹا بیس وفاق اور صوبائی حکومتوں کے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دستیاب ہوگا۔

اجلاس میں وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود، وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، صوبائی آئی جیز اور وزارتِ داخلہ و صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران شریک تھے۔

وی این ایس اسلام آباد

Download Video