صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے برٹش ایشین ٹرسٹ کے وفد کی ملاقات

142

اسلام آباد ،06 دسمبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے برٹش ایشین ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رچرڈ ہاکس کی سربراہی میں وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔

 ایوان صدر میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالہ سے ٹرسٹ کا کردار قابل ستائش ہے، ٹرسٹ کا خواتین کی ذہنی صحت کے مسائل اور حل کےلئے کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذہنی صحت کے مسائل کے حل کےلئے کمیونٹی ہیلتھ ورکروں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے، برٹش ایشین ٹرسٹ پاکستان میں 10 سال سے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آبادی میں اضافہ، متعددی امراض اور سٹنٹنگ جیسے سماجی مسائل کے حل کیلئے مساجد کا اہم کردار ہو سکتا ہے۔

وفد نے صدر مملکت کو ذہنی صحت کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات اور اس میں کمی لانے کیلئے کئے گئے کام سے آگاہ کیا۔ واضح رہے کہ برٹش ایشین ٹرسٹ تارکین وطن پر مشتمل ٹرسٹ ہے جو 2007ءمیں برٹش ایشینز نے بنایا، اس ٹرسٹ نے جنوبی ایشیاءکے تارکین وطن کو ایک جگہ پر اکٹھے کیا اور یہ ٹرسٹ پاکستان میں گزشتہ 10 سالوں سے کام کر رہا ہے، پاکستان میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے ہنرمندی کی ترقی اور ملازمتوں کے مواقع کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت پر بھی کام کر رہا ہے۔

اے پی پی /ظہیر/ھامد