غربت کم کرنے کے لئے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اہم ہیں: ڈاکٹر عارف علوی

202

اسلام آباد ، 16 دسمبر (اے پی پی) : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ غربت کم کرنے کے لئے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اہم ہیں، تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم اور دنیا کی بہتر انداز میں خدمت کرسکتے ہیں۔ انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ معیار تعلیم  کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔

پیر کو ”علم پاسیبل سمٹ 2019 ”سے خطاب کرتے ہوئے  ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا  کہ برٹش کونسل کا یہ پروگرام خوش آئند ہے، یہ میرا  اور موجودہ حکومت کا ہر دل عزیز مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب بچوں کو سکول لانے کے لئے ایک سماجی تنظیم سے مل کر کام کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے صحت عامہ اور تعلیم کو معاشرتی خدمت کے لئے چنا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ برطانوی حکومت پاکستان میں تعلیم کے شعبہ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ برٹش کونسل کی جانب سے 3 لاکھ85 ہزار آؤٹ آف سکول بچوں کو سکولوں میں لانا بہت بڑی خدمت ہے۔برطانوی شہزادہ ولیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر اس حوالے سے ان سے بھی بات ہوئی۔  انہوں نے کہا کہ بچیوں کو سکول بھیجنے کے حوالے سے ہمیں معاشرتی اعتبار سے لوگوں کی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔والدین میں بچیوں کے محفوظ ہونے اور انہیں تمام سہولیات کی فراہمی کے بارے میں اطمینان دلانے کی بھی  ضرورت ہے۔

 صدر مملت نے کہا کہ مسلمانوں کے مدارس میں بچوں کو تعلیم دی جاتی تھی، مسلمانوں نے اپنے علم کے ذریعے دنیا میں اعلیٰ مقام حاصل کیا، ہمیں اس کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھانے سے بھی تعلیم کی فراہمی میں آسانی ہو جائے گی۔ٹیکنالوجی کے فروغ سے تعلیم کے طریقے آسان ہوگئے ہیں، نئی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر ملک میں تعلیم کی نچلی سطح تک فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ پانچ سال قبل اے پی ایس کا سانحہ افسوسناک اور دلخراش تھا، بچوں کی شہادت نے پوری قوم کی سوچ بدل دی ۔ انہوں نے کہا  کشمیر   پاکستان کا حصہ ہے اور ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ پانچ ماہ سے سکول بند ہیں اور بھارت میں مذہب کے نام پر نفرتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔

 تقریب سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کریٹن ٹرنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم پاکستانی نوجوانوں کے لئے اہم ہے۔ پاکستان بھر کے 65 اضلاع میں برٹش کونسل سکول سے باہر بچوںکو تعلیم فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی تاریخ طویل ہے، برطانیہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کررہا ہے۔

 تقریب سے کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل عامر رمضان، ریجنل ڈائریکٹر سوسائٹی جنوبی ایشیاء برٹش کونسل شازیہ خاور نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب کے دوران سانحہ اے پی ایس کے پانچ سال ہونے پر شہداء کو  30 سیکنڈ خاموشی سے کھڑے ہو کر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

 وی این ایس ، اسلام آباد

Download video