مقبوضہ کشمیر میں 126 دن طویل کرفیو اور میڈیا بلیک آﺅٹ  بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے،صدر عارف علوی

134

اسلام آباد ،06 دسمبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بی جے پی کی فاشسٹ حکومت کے ہاتھوں 126 دن طویل کرفیو اور میڈیا بلیک آﺅٹ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعہ کو ایوان صدر میں سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب نے مسلم امہ کو درپیش چیلنجوں کے حوالے سے ہمیشہ متحرک کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے وفد پر زور دیا کہ وہ انڈین سیٹیزن ایکٹ کے ذریعے مسلمان شہریوں کے خلاف کی جانے والی سازش کو اجاگر کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین مشترکہ عقیدے، ثقافت، روایات، اقدار اور ورثہ کی بنیاد پر گہرے تعلقات استوار ہیں اور دونوں ممالک علاقائی و بین الاقوامی امور پر مشترکہ سوچ رکھتے ہیں۔ انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی مدبرانہ قیادت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن کے تحت سعودی عرب کی ترقی کو سراہا۔

صدر مملکت نے کہا کہ سعودی ولی عہدشہزاد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان نے پاکستان کے عوام کے دلوں اور ذہنوں پر گہرا نقش چھوڑا ہے۔ انہوں نے آئل ریفائنری اور معدنیات کے شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے جاری اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون اور مزاکرات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں 20 ارب امریکی ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری کا بھی خیرمقدم کیا جس کے لئے پہلے مرحلے میں ریفائنری ،معدنیات اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں۔

صدر مملکت نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سعودی عرب مستقبل میں معیشت کے مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ سعودی عرب میں ہمارے 23 لاکھ قانون کی پاسداری کرنے والے پاکستانی بستے ہیں جو سعودی عرب کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتی ہے اور سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کے لئے جذبے سے کام کر رہی ہے۔

سعودی عرب کی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے صدر مملکت کو بتایاکہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کو سعودی عرب کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وی این ایس ، اسلام آباد

Download video