وفاقی سیکرٹریز بہتر طرز حکومت ، ملک و قوم کی خدمت کیلئےاپنی توانائیاں بروئے کار لائیں: وزیر اعظم

192

اسلام آباد ، 2 دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے وفاقی سیکرٹریزکو ہدایات دی ہیں کہ بہتر طرز حکومت (گڈ گورننس) ، ملک و قوم کی خدمت اور عوامی فلاح و بہبودکے لئے اپنی توانائیاں اور تجربہ بروئے کار لائیں، سیاسی قیادت اور بیوروکریسی نے ملک کے مستقبل کا تعین کرنا ہے اس کے لئے نئی سوچ اور بہتر طرز حکومت (گڈگورننس) کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم ہاﺅس  میں حال ہی میں ترقی پانے والے وفاقی سیکرٹریز سے  ملاقات  میں کیا ۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ترقی انکی کارکردگی اور خالصتاً میرٹ کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے افسران اپنی نئی ذمہ داریاں نہایت فرض شناسی اور ملک و قوم کی خدمت کے بھرپورجذبے کے تحت ادا کریں گے۔

افسران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے اہم دوراہے پر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے جہاں سیاسی لیڈرشپ نے وژن دینا ہے وہاں بیوروکریسی نے اس وژن کو عملی جامہ پہنانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 60 کی دہائی میں گورننس کے لحاظ سے مثالی سمجھاجانے والا ہمارا ملک آج خطے میں دوسرے ممالک سے قدرے پیچھے رہ گیا ہے جس کی مختلف وجوہات ہیں۔ وزیرِ اعظم نے ترقی پانے والے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں جہاد اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل اور افرادی قوت سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پندرہ ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے معیشت کے ہر شعبے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں کی وجہ سے آج ملک میں معاشی استحکام ہے اور ملکی وغیر ملکی سرمایہ کار اور کاروباری برادری ملکی معیشت اور پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے بھی ملکی معیشت میں آنے والی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس استحکام کو مزید تقویت دینے کے لئے ضروری ہے کہ بیوروکریسی طرز حکومت اور عوام کی فلاح و بہبود کے ضمن میں اپنابھرپور کردار ادا کرے۔

وزیرِ اعظم نے بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ملک میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لینے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بیرون ملک پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی گورننس کے مسائل کی وجہ سے حوصلہ شکنی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ماحول کو بہتر کرنا ہے اور بیرون ملک پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے سرمایہ کاروں کے لئے ساز گار ماحول پیدا کرنا اور کاروبار میں مزید آسانیاں فراہم کرنی ہیں۔

سیکرٹریز نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردارادا کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔

: وی  این ایس، اسلام آباد