پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں: شاہ محمود قریشی

184

سری لنکا (کولمبو)،02 دسمبر(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں اور ہم ان سے استفادہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

دورہ سری لنکا کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو  میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ ہم سری لنکا کیساتھ  آزادانہ تجارت کے معاہدہ سے فائدہ اٹھائیں گے جبکہ خدمات کے شعبے میں ایک دوسرے کی معاونت کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ  سری لنکا ایک خود مختار ملک ہے، اس کا حق ہے کہ جن ممالک کے ساتھ چاہے دو طرفہ تعلقات استوار کرے لیکن پاکستان کے ساتھ سری لنکا کے دو طرفہ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں،دونوں ممالک نے مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی   نے کہا کہ سری لنکا جب دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما تھا تو پاکستان نے بھر پور انداز میں ان کا ساتھ دیا جس کا انہوں نے اعتراف بھی کیا،ہمارا مستقبل ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ روابط سری لنکا کا اندرونی معاملہ ہے، ہمارے ساتھ سری لنکا کے مراسم انتہائی گہرے اور دیرینہ ہیں۔دونوں ممالک ایک دوسرے کی معاونت کرتے ہیں۔

وی  این ایس، اسلام آباد

Download Video