حکومت ملک میں کاروباری آسانیاں پیدا کرنے اور پیداواری صلاحیت بڑھا کر برآمدات بڑھانے کے لیے کوشاں ہے: مشیر خزانہ

188

 

اسلام آباد،   14جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کاروباری آسانیاں پیدا کرنے اور معیشت کے مختلف شعبوں کی پیداواری صلاحیت بڑھا کر برآمدات بڑھانے کے لیے کوشاں ہے جس کے لیے برآمدکندگان کو سستے قرضے،بجلی اور گیس فراہم کی جا رہی ہے۔
وزارت خزانہ میں فرانس کے سفیر پاکستان میں ڈاکٹر مارک بریٹی کے ساتھ ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے مشیر خزانہ کاکہنا تھا کہ حکومتی کوششوں سے معیشت استحکام کے راستے پر گامزن ہوئی ہے۔ معیشت میں بہتری آنے والوں دنوں میں افراط زر کو نیچے لانے اور مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

مشیر خزانہ  نے اس موقع پر فرانسیسی سفیر کو پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں کی جانے والی اصلاحات اور ان کے مثبت نتائج سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت نے سماجی شعبے کے لیے مختص بجٹ کو دوگنا کر دیا ہے،غریب طبقے کے لیے سستی اشیائے خورد اور سستے علاج کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو بڑھاوا دینے اور پاکستان میں فرانسیسی سرمایہ کاری میں اضافہ کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وی این ایس اسلام آباد

Download Video