سلطان قابوس کی وفات سے خطہ ایک اہم رہنما سے محروم ہوگیا ہے : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

198

مسقط (عمان) 14 جنوری (اے پی پی ):  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان کے درمیان تاریخی تعلقات موجود ہیں۔ سلطان قابوس کی وفات سے خطہ ایک اہم رہنما سے محروم ہوگیا۔

اپنے تعزیتی دورے کے اختتام پر مسقط ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتی ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سلطان قابوس کی تعزیت کیلئے عمان آیا ہوں مجھے وزیراعظم عمران خان نے عمان کی عوام کیساتھ سلطان قابوس کے انتقال پر اظہار تعزیت کیلیے بھیجا ہے۔

وزیر خارجہ نے  کہا کہ پاکستان کے عمان کیساتھ تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں، میں نے سلطان قابوس کے انتقال پر سلطان ہیتھم سے تعزیت کی ہے اور پاکستانیوں کے دلی جذبات ان تک پہنچائے ہیں۔ انہوں  نے  کہا کہ سلطان قابوس اپنی غیر جانبدارانہ اور متوازن خارجہ پالیسی کے سبب پورے خطے میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔

شاہ محمود قریشی نے بطور سلطان انتہائی احسن طریقے سے امور سلطنت سرانجام دیے  اور سلطنت عمان کو ایک جدید ریاست میں بدل دیا ،عمان میں موجود دو لاکھ ستر ہزار پاکستانی انتہائی  محنت اور جانفشانی سے عمان کی معاشرتی و اقتصادی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی محنت کی بدولت ،دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سلطان ہیتھم کی قیادت میں پاکستان اور عمان کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے سلطان ہیتھم کو عمان اور پاکستان کے مابین تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہےکہ سلطان قبوس کے والد ملٹری کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے گریجوایٹ تھے اور انہوں نے بھی سلطان قابوس کے ساتھ  2001 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ خطے کے حوالے سے سلطان قابوس کے ویژن  سے مستفید ہونے کا موقع ملا۔ عمان ہمیشہ خطے  میں استحکام کا باعث بنا ہے۔انکا کہنا تھا کہ عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نہ صرف تعمیری کاموں میں بلکہ سروس سیکٹر میں بھی گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ انہوں  نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے سلطان ہیتھم کو پہلی فرست میں دورہ ء پاکستان کی دعوت بھی دی ہے۔

وی این ایس ،عمان

Download Video