ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور تعلیمی نظام کو بہتر کرنا بڑا چیلنج ہے، حکومتی پالیسیوں کی بدولت معیشت میں مزید بہتری آئے گی: وزیراعظم عمران خان

152

اسلام آباد ، 6 جنوری (اے پی پی) : وزیراعظم عمران خان کی ورجینیا یونیورسٹی کے طلباءکے وفد سے ملاقات کی   ۔

 ملا قات  میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی پالیسیوں سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں، فسطائی پالیسیوں کی وجہ سے بھارتی عوام کی شناخت بھی خطرے میں پڑ گئی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم نے جمہوریت کے بھارتی دعووں کی قلعی کھول دی ہے، ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور تعلیمی نظام کو بہتر کرنا بڑا چیلنج ہے، حکومت یکساں تعلیمی نصاب کے لئے کوشاں ہے، حکومتی پالیسیوں کی بدولت معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ورجینیا یونیورسٹی کے طلباءکے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ورجینیا یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن سے تعلق رکھنے والے طلباءکے دورے کا مقصد پاکستان میں بزنس کے مواقع اور سیاحت کے حوالے سے موجود پوٹیشنل کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا ہے۔ ملاقات میں پاکستان کو درپیش چیلنجز، موجودہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے، پاکستانی معاشرے کے مثبت پہلووں، مختلف شعبوں میں موجود ملک کی صلاحیت، معیشت کو درپیش مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل پربات چیت کی گئی۔ طلباءنے مختلف موضوعات پر وزیرِ اعظم سے سوالات بھی کیے۔ طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ملکی ترقی میں انسانی وسائل کا فروغ اور ہیومن ڈویلپمنٹ کی اہمیت مسلمہ ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے ملک کے انسانی وسائل کے فروغ کو جہاں یکسر طور پر نظر انداز کیا وہاں تعلیم اوردیگر شعبوں میں اصلاحات پر بھی توجہ نہیں دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان کے سامنے بڑا چیلنج جہاں ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہے وہاں تعلیمی نظام کو بہتر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تین مختلف نظام تعلیم کی موجودگی انسانی وسائل کے فروغ اور ترقی کی راہ میں بڑا چیلنج ہے، موجودہ حکومت یکساں تعلیمی نصاب کے لئے کوشاں ہے تاکہ تعلیمی نظام کی بنیاد پر معاشرے میں پائی جانے والی تفریق کو ختم کیا جا سکے۔ معیشت پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ معاشی اقتصادی اعشاریوں میں واضح بہتری آئی ہے۔ وزیرِ اعظم نے مقبوضہ کشمیر میں 150دنوں سے زائد جاری کرفیو کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سرکار کے اس ظلم و ستم نے بھارت کے جمہوری دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔ وزیرِ اعظم نے طلباء کے پاکستان میں خوشگوارقیام اور ملک کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کے مقصد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وی این ایس اسلام آباد

Download video