پاکستان کے لئے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ  پروگرام کی بحالی کا امریکی فیصلہ بہت اہمیت کا حامل ہے :شاہ محمود قریشی

225

اسلام آباد، 17 جنوری )اے پی پی ): وزیر خارجہ  شاہ محمود  قریشی  نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (آئی ایم ای ٹی) پروگرام کی بحالی کا امریکی فیصلہ علامتی لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل ہے اور دوطرفہ فوجی تعاون کی مزید بحالی کے لئے اولین خوش آئند اقدام ہے۔ دفاع اور سلامتی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان ہمارا تعاون دوطرفہ تعلقات کے ایک اہم پہلو کو اجاگرکرتا ہے۔

جمعہ کو امریکی نائب وزیردفاع جان روڈ سے  ملاقات میں پاک امریکہ،دفاعی تعلقات اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال  کرتے ہوئے  وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پورے خطے کیلئے خطرات کا موجب بن سکتی ہے، اسی لئے پاکستان نے کشیدگی کم کرنے اور امن کاوشیں بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا۔

شاہ محمود  قریشی  نے ایران امریکہ کشیدگی میں کمی لانے اور خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی جانب سے متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے ہمسائے میں کسی بھی قسم کے عدم استحکام کے امکانات پر شدید تشویش میں مبتلا ہے  جبکہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے پرامن حل کی تلاش میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

امریکی نائب وزیر دفاع نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاک امریکہ دفاعی تعاون کے مختلف پہلوں اور وقوع پزیر علاقائی صورتحال پر بات چیت کی۔امریکی نائب وزیر دفاع نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاک امریکہ دفاعی تعاون کے مختلف پہلوں اور وقوع پذیر علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو  کی۔ نائب وزیر دفاع نے وزیر خارجہ کو دونوں ممالک کے درمیان دفاع سے متعلقہ جاری تعاون پر آگاہ کیا۔

وی این ایس،اسلام آباد

Download Video