پنجاب میں تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گی؛ وزیر اعظم عمران خان

187

اسلام آباد ، 4 جنوری (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  ہم نے پنجاب میں تھانہ کلچر کو تبدیل کرنا ہے اس کیلئے آئی پنجاب کو وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ مدد فراہم کی جائے گی۔ انگریز کے دور کا نظام تبدیل کرنا ہے ، ماضی میں تھانے کچہری کو اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جاتا رہا ، ہم پنجاب پولیس کو خیبر پختونخوا کی طرح بنائیں گے تاکہ لوگ اس پر اعتماد کرسکیں۔

ہفتہ کو میانوالی میں ماڈل پولیس سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس ماڈل پولیس سٹیشن کے قیام پر وہ محکمہ پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جب پولیس سٹیشن پر کوئی شہری آتا ہے تو اسے اسطرح کا ماحول ملے گا تو وہ پولیس پر اعتماد کرے گا کیونکہ پولیس کے پاس جو لوگ جاتے ہیں وہ کسی مشکل میں ہوتے ہیں، جتنا پولیس سٹیشن پر عوام کو اعتماد ملے گا اس کا مطلب ہے کہ ملک جیت رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر پولیس اچھا کام کرے تو ملکی تقدیر بدل جاتی ہے ، 2002ءمیں جب میں پہلی بار میانوالی سے رکن قومی اسمبلی بنا تو ان 5سالوں میں جب میں حلقے میں جاتا تھا تو سب سے بڑا مسئلہ تھانہ کچہری کا تھا اور سب سے زیادہ درخواستیں بھی اسی حوالے سے آتیں تھیں ، جھوٹی ایف آئی آرز ہوتی تھیں، اس وقت سیاستدان تھانے کچہریوں کو کنٹرول کرتے تھے ، یہ قدم وہ کسی اچھے کام کیلئے نہیں بلکہ اپنے مخالفین کے خلاف تھانے کو استعمال کرنے کیلئے اٹھاتے تھے ۔ اپنی مرضی کے ایس ایچ او تعینات کر کے اپنے مخالفین کو ڈرایا دھمکایا جاتا تھا اسی لیے پولیس پر اعتماد نہیں تھا ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ماڈل پولیس سٹیشن نئی سوچ کی شروعات ہیں ، نئے پاکستان کا مطلب نئی سوچ ہے ، تھانہ کچہری اور پٹواری کی سوچ نے ہمارے ملک کو تباہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماڈرن پولیس سٹیشن پر عوام کو دھکے کھانے اور سفارش کی بجائے میرٹ پر ان کا کام ہوگا یہ ایک نہایت اچھا اقدام ہے ۔ یہ ماڈل پولیس سٹیشن پورے پنجاب کیلئے مثال ہونگے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پنجاب پولیس کو خیبر پختونخوا پولیس کی طرز پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ 2013ءمیں جب ہم نے خیبر پختونخوا میں حکومت سنبھالی تو اس وقت صوبے کو دہشتگردی کا سامنا تھا، اس وجہ سے پولیس کا مورال بہت گر چکا تھا، ہم نے پولیس کا مورال بحال کیا ، میرٹ لیکر آئے ، بھرتیوں کیلئے این ٹی ایس متعارف کرایا جس کے بعد عوام کی جانب سے پولیس کے حق میں مظاہرے کئے جاتے تھے، ہم پنجاب میں بھی یہی صورتحال دیکھنا چاہتے ہیں۔

سورس: وی  این ایس،  اسلام ا ٓباد