یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے منانے کے لیے تقریبات جاری

344

اسلام آباد، جنوری 31 (اے پی پی) : یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے سے منانے کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی ہدایات پر وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان نے تقریبات شروع کر دیں جس میں اس دن کو تحصیل سطح تک منایا جائے گا۔

 پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں اس حوالے سے ثقافتی شو منعقد کیا گیا جس کے ذریعے کشمیری ثقافت کو اجاگر کیا گیا اور سٹیج ڈرامے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی عکاسی کی گٸ جبکہ عوام کی کثیر تعداد نے شو میں شرکت کی۔

اس سلسلے میں پی این سی اے میں تصویری نمائش اور پپٹ شو کا بھی انعقاد گیا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھرپور عکاسی کی گئی۔

انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹیڈیز اسلام آباد میں کشمیر کے حوالے سے خصوصی سیمینار منعقد کیا گیا،  پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے ممبران نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالےسے پریس کانفرس سے بھی خطاب کیا۔

کنونشن سنٹر اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے طلباء کی ایک بڑی تقریب ہو گی ، ایوان صدر میں کشمیر کے موضوع پر سیمینار ہو گا ،وزیر اعظم پاکستان آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے اور آزاد کشمیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔

5 فروری کو کشمیری شہدا سے اظہار عقیدت کے لیے صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ،  پاکستان پوسٹ نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی ٹکٹ جاری کیا۔

ریلوے سٹیشنز ، میٹرو سٹیشنز ، ہوائ اڈوں اور موٹر وے ٹال پلازوں پر بینرز آویزاں کیے جائیں گے اور مسافروں میں کشمیر سے متعلق اشتہاری مواد تقسیم کیا جائے گا ، وزارت خارجہ نے فارن مشنز  کو بریفینگ دینے کا انتظام کر رکھا ہے ،

بیرون ملک پاکستانی مشنز سیمیناز ، ریلیز ، بریفنگز ، دستاویزی فلمز اور تصویری نمائشوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔

ٹیلی کام کمپنیز اس دن کی مناسبت سے خصوصی مسیجیز چلائیں گی جبکہ شاہراوں ، شاپنگ مالز پر موجود ڈیجیٹل سکرینز پر کشمیر سے متعلق ویڈیوز چلائی جائیں گی۔

سکولز اور کالجیز میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریری اور مضمون نویسی کے مقابلے کیے جا رہے ہیں جبکہ  ملک بھر کی آرٹ گلیریز میں تصویری نمائشوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے ،

کوہالہ اور منگلا میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی جس میں تمام صوبوں اور آزاد حکومت کے عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔

صدر ، وزیر اعظم آزاد کشمیر  اور سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی  دنیا کے قائدین کو خطوط کے ذریعے ایل او سی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کریں گے ۔

اے پی پی /سدرہ /ریحانہ