بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ  سیریز کیلئے  قومی  ٹیم کا  اعلان ، آف اسپنر بلال آصف ، آلراؤنڈر فہیم اشرف کی اسکواڈ میں واپسی

0
122

لاہور، 01 فروری(اے پی پی ): قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی  نے  بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ آف اسپنر بلال آصف  اور  آلراؤنڈر فہیم اشرف کی قومی  اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، دونوں  کھلاڑیوں  کو  قائداعظم  ٹرافی میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر  قومی اسکوڈ میں  شامل کیا گیا ہے۔

سری لنکا کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل دو کرکٹرز کاشف بھٹی اور عثمان شنواری کو بنگلہ دیش کےخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شامل نہیں کیا گیا تاہم دونوں کھلاڑی طویل طرز کی کرکٹ میں مستقبل کی حکمت عملی کا حصہ رہیں گے، سلیکشن کمیٹی نے  دونوں کھلاڑیوں کو ٹریننگ اور پریکٹس جاری  رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

اسکواڈ کے دیگر  کھلاڑیوں میں  اظہر علی(کپتان)، عابد علی اسد شفیق ،بابراعظم ، بلال آصف ،فہیم اشرف ، فواد عالم ، حارث سہیل ، امام الحق ، عمران خان سینئر ، محمد عباس ، محمد رضوان، نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی ، شان مسعود  اور یاسر شاہ  شامل ہیں ۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اورچیف سلیکٹر مصباح الحق نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے  کہاکہ سلیکشن کمیٹی نےبنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے موزوں ترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقیناََ اسکواڈ سے ڈراپ ہونے پر دونوں کھلاڑیوں مایوس ہوں گے مگر یقین دلاتے ہیں کہ کاشف بھٹی اور عثمان شنواری، طویل طرز کی کرکٹ میں ہماری مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی کا مکمل حصہ ہیں۔

انہوں نےمزید  کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ٹاپ اور مڈل آرڈر میں بائیں ہاتھ کے بلے  بازوں کی کثیر تعداد ہونے کے باعث کاشف بھٹی کی جگہ دائیں ہاتھ  کے آف اسپنر بلال آصف کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے  کہا کہ فہیم اشرف کو آلراؤنڈ صلاحیت کی بنیادپر عثمان شنواری پر ترجیح دی گئی ہے۔

مصباح الحق نے کہاکہ کراچی میں فتح کے بعد وہ اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیوں کے حق میں نہیں تھے  مگر وکٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی تیاری مکمل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سری  لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی سے پاکستان نے 2019 کا فاتحانہ اختتام کیا جبکہ 2020 کی پہلی سیریز میں بھی پاکستان نے بنگلہ دیش کو ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست دی، پر امید ہیں کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم،  بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز بھی فتح سے ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 3 فروری کو راولپنڈی روانہ ہوگی جہاں قومی اسکواڈ ٹریننگ کا آغاز 4  فروری کو کرے گا۔

وی این ایس ، لاہور