احساس آمدن پروگرام سے پسماندہ علاقوں کے غریب اور مستحق لوگوں کی مدد ہوگی: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

457

اسلام آباد ،21 فروری (اے پی پی ):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے احساس آمدن پروگرام سے پسماندہ علاقوں کے غریب اور مستحق لوگوں کی مدد ہوگی،ان کے معیارزندگی کو بہتر بنانے میں احساس ایک اہم سنگ میل ثابت ہورہاہے،احساس صحت منداور روشن معاشرے کابنیادی عنصر ہوتا ہے۔

سماجی رابطہ کی  ویب سائٹ  ٹوئٹر  پر اپنے  پیغام  میں  انہوں نے  کہا کہ  وزیراعظم عمران خان کے عوامی’ احساس‘کا دائرہ مسلسل بڑھ رہا ہے،احساس پروگرام اب لیہ میں بھی  شروع کیاجارہا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا   کہ ‏پاکستان کے 23 اضلاع کی 375 دیہی یونین کونسلوں میں اس پروگرام کا آغاز، گراس روٹ کی سطح پر عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور خوشحالی منتقل کرنے کے عمران خان کے وژن کا آئینہ دار ہے۔انہوں  نے  کہا کہ اثاثہ جات منتقلی پروگرام کے تحت زرعی آلات،مویشی چنگچی رکشہ باڈی اورچھوٹے کاروبارکرنے کے آلات شامل ہیں۔

‏  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے  کہا کہ یہ پروگرام عمران خان کی محروم اور پسے ہوئے طبقات کے ساتھ محبت، وابستگی اور ہمدردی کا مظہر ہے۔یہ غریبوں کے  روزگار کے لئے وسائل کی  فراہمی کو یقینی بنانے کی جانب عملی قدم ہے۔15 بلین روپے بجٹ کے اس پروگرام سے 1.45 ملین افراد مستفید ہوں گے۔

اے پی پی /ناہید /ریحانہ