کوئٹہ، 26 فروری (اے پی پی ): وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان ہی پاکستان کا مستقبل ہے اور روشن پاکستان کی بنیاد ہے، مستقبل میں بلوچستان معاشی حوالے سے مکمل طور پر تبدیل ہوگا اور آج یہاں اپنے میڈیا دفاتر بند کرنے والے دوبارہ آنے پر مجبور ہونگے، قومی میڈیا اور نیوز چینل بلوچستان اور کوئٹہ میں موجود میڈیا ورکر کو اہمیت دیں۔
کو ئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب میں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کو جرنلسٹس کالونی کے آفرلیٹر کی عطائیگی اور بی یو جے کی نومنتخب کابینہ سے حلف لینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان صوبائی حکومت ویج بورڈ کے نفاذ اور حکومت کی جانب سے متعین کم سے کم اجرت کے طے شدہ قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔
وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں شعبہ صحافت سے وابستہ افراد کی پیشہ ورانہ رہنمائی و تربیت کے لیے جدید خطوط پر مشتمل میڈیا اکیڈمی کی اشد ضرورت ہے، کوئی بھی شعبہ پرفیکٹ نہیں ہوتا بلکہ اداروں پر سرمایہ کاری سے ہی بہتری آسکتی ہے، نوجوانوں کو پروفیشنل صحافی بنانے کیلئے اداروں کی بنیاد رکھنا ناگزیر ہے، تاکہ دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اس شعبے کو اختیار کرنے والوں کی بہتر پیشہ ورانہ رہنمائی ممکن ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافیوں نے انتہائی نامسائد حالات میں پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دی ہیں اور دوران فرائض کئی صحافی شہید ہو گئے جانوں کا نذرانہ دینے والے صحافیوں کے پسماندگان کو نہیں بھولیں گے اور ان کے بچوں کی تعلیمی اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جرنلسٹس کالونی کی تعمیر کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ سال بعد صحافیوں کا زمین کے مختص ہونے کا مسئلہ حل ہوگیاہے، وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ صحافی ہاوسنگ اسکیم کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کرینگے ۔
تقریب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار احمد زئی بی یو جے کے نو منتخب صدر ایوب ترین اور کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے صدر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس ایوب ترین اور کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن کو جرنلسٹس کالونی کے آفر لیٹر بھی دئیے۔
وی این ایس، کوئٹہ











