لاہور،17 فروری (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن پاکستانی طلبہ کو بین الاقومی سطح پر کامیاب دیکھنا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور صحت مند معاشرے ہی ترقی کرتے ہیں۔
یونیورسٹی آف لاہور کے کانووکیش 2020 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کی جانب راغب دیکھنا باعث تسکین ہے۔ ہماری بیٹیاں تعلیم سمیت ہر میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ ہر کانووکیشن میں دیکھتا ہوں لڑکیاں لڑکوں کے مقابلے زیادہ پوزیشنز لیتی ہیں۔ ہر بچے کی کامیابی میں والدین کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے صرف میرٹ کو ترجیح دی ہے۔ تمام یونیورسٹیوں میں میرٹ پر وائس چانسلر تعینات کئے گئے ہیں ۔ پاکستان میں بچوں کی ذہانت دیگر ملکوں سے قدرے زیادہ ہے۔
بعدازاں گورنر پنجاب نے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات میں میڈل اور ڈگریاں بھی تقسیم کیں۔
وی این ایس ، لاہور