کوئٹہ،29فروری (اے پی پی ): وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے سرکاری ہسپتالوں کے لئے ادویات اور طبی آلات کی خریداری کے طریقہ کار کی تبدیلی کی منظوری دی ہے جس کے تحت خریداری کے عمل کی مرکزیت کو ختم کرتے ہوئے ضلعی ہسپتالوں کی ضروریات کے مطابق ادویات خریدی جائیں گی جس کا مقصد ڈویژنل اور ضلعی ہسپتالوں کو ادویات کے حوالے سے مستحکم کرنا ہے۔
ایم ایس ڈی سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ ماضی کے طریقہ کار کے تحت خریدی گئی ادویات سے ہسپتالوں کی ضروریات پوری نہیں ہورہی تھیں۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ادویات اور طبی آلات کی خریداری میں معیار کو یقینی بنانے اور ادویات کی براہ راست ہسپتالوں تک ترسیل یقینی بنانے اور موبائل میڈیسن ٹیسٹنگ لیبارٹری خریدنے کی منظوری دی جو ضلعی ہسپتالوں میں مہیا کی جانے والی ادویات ٹیسٹ کرے گی، وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت میں مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ اور بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں جدید سہولتوں سے آراستہ آئی سی یو کے قیام کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ صحت کو تمام وسائل فراہم کررہی ہےاب محکمہ صحت کی کارکردگی میں بہتری نظر آنی چاہیے ۔
اجلاس میں چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم سجاد احمد بھٹہ، سیکریٹری صحت مدثر احمد ملک، ڈی جی صحت اور ایم ایس ڈی کے انچارج نے شرکت کی۔
وی این ایس ،کوئٹہ