سفارشی  کلچر کے خاتمہ کیلئے  ہر ادارے میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے: اکبر ایوب خان

132

پشاور، 19فروری(اے پی پی): صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اور ہم جتنا اچھا اور بہتر نظام تعلیم دیں گے وہ اتنی ہی ترقی کی بلندیوں کو چھو سکیں گے۔  ہر ادارے میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے تاکہ سفارش کے کلچر کا خاتمہ ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرلز کیڈٹ کالج مردان میں یوم والدین و تقسیم اسناد کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی اساتذہ اور والدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ  میری کوشش ہوگی کہ کیڈٹ کالج جیسے اداروں کو صوبے کے تمام بڑے شہروں میں بنایا جائے تاکہ بچوں کی تعلیم کی کمی پر قابو پایا جاسکے اور ان کے مستقبل کو سنوارا جاسکے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبائی حکومت اس طرح کے اداروں کو سپورٹ کرنے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کا نیا زیر تعمیر بلڈنگ جلد از جلد بہترین کوالٹی اور معیار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیوں کو اس طرح کے بہترین کالج میں پڑھنے کےمواقع مل سکے۔

اکبر ایوب خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اس کالج کے معیار کو اس طرح برقرار رکھا جائے کیونکہ یہاں ہماری بچیوں کا مستقبل صحیح ہاتھوں میں ہے۔ صوبائی وزیر نے پرنسپل اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا اور انعام کے طور پر  ان کے لیے ایک ایکسٹرا تنخواہ کا اعلان بھی کیا۔

وی این ایس، پشاور

Download Video