معرکہ حق میں عظیم کامیابی کی علامت ’’یادگار فتح‘‘ کی عوامی تقریب رونمائی

4

 

اسلام آباد،3اکتوبر  (اے پی پی):معرکہ حق میں پاکستان کی   عظیم الشان فتح کی علامت ’’یادگار فتح‘‘  کی پروقار  عوامی تقریب  رونمائی  ہفتہ کی شام  یہاں  منعقد  ہوئی جو   قوم کے عزم ،شجاعت  اور تابناک  تاریخ  کا نشان ہے ،یہ معرکۂ حق کی یاد اور شہداء و غازیوں کو خراجِ عقیدت کی علامت ہے۔

وزارت اطلاعات  و نشریات  اور کيپٹل ڈويلپمنٹ اتھارٹی کے  باہمی اشتراک سے منعقدہ تقریب میں دفاعِ وطن کی عظیم  داستان  کی عکاس اس یاد گار کو اب  عوام کے لئے کھول دیا گیا  ہے ۔اس  پرجوش  اور رنگا رنگ تقریب  میں موسیقی کا پروگرام اور شاندار پروجیکشن میپنگ شو پیش کیا گیا جس میں معرکہ حق میں فتح کو اجاگر کیا گیا ۔پاکستان سے محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہوئے یادگار فتح پر عوام کا جمِ غفیر موجود تھا   ، عوام  بے مثال جوش کا مظاہرہ کرتے ہوئے  جوق در جوق یادگار فتح پر پہنچے۔ یہ پاکستان سے محبت اور قومی جذبے کی  ایک شاندار جھلک تھی۔

اس موقع پر بچوں کے ہاتھوں میں پرچم، بزرگوں کی آنکھوں میں آنسو اور ہر دل میں فخر نمایاں  محسوس ہو رہا تھا  اور  یادگارِ فتح آج عوام کے لیے کھلی تو یوں لگا جیسے پورا پاکستان ایک ہی جگہ جمع ہو گیا ہو ۔مبصرین کے مطابق یادگارِ فتح کا یہ بے مثال منظر محض ایک دن کا جشن نہیں بلکہ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ مایوسی کے سیاہ بادل چھٹ چکے ہیں اور امید کا سورج طلوع ہو رہا ہے؛ قوم نے یہ عزم کر لیا ہے کہ ہم اب صرف ترقی، استحکام اور خوشحالی کے راستے پر گامزن رہیں گے اور پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ایک سربلند مقام دلائیں گے۔ عینی شاہدین  کے مطابق  یادگارِ فتح پر شہریوں کی گہما گہمی، فلک شگاف نعرے اور جذبوں سے بھرپور آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اور ان کے محافظوں کے درمیان محبت اور اعتماد کا رشتہ ناقابلِ تسخیر ہے، جسے کوئی منفی سازش کمزور نہیں کر سکتی۔اس موقع پر اسلام آباد کی فضا میں احتجاج کے نعرے نہیں، صرف پاکستان زندہ باد کی صدا گونجتی رہی ۔ یادگارِ فتح عوام کے لیے کھلی تو قوم نے ترقی، استحکام اور فتح کے راستے پر اپنا اعتماد ظاہر کیا۔مبصرین کے مطابق ایک طرف انتشار کی سیاست تھی اور دوسری طرف یادگارِ فتح کا روشن منظر پیش پیش رہا ۔  اور قوم نے اپنا  فیصلہ سنا دیا اور شہریوں نے شہیدوں کو سلام پیش کر کے ترقی اور خوشحالی کا ساتھ دیا ۔اس اہم  تقریب میں مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جن میں  سماجی و سیاسی  شخصیات  کے عللاوہ کھیلوں کی دنیا سے چاچا کرکٹ  اور دیگر نمایاں  کھلاڑی بھی موجود تھے۔پاکستان شطرنج فیڈریشن کے سربراہ ذیشان نقوی  نے شطرنج کے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں مختلف سکولوں ، کالجوں  اور جامعات کے طالب علموں نے بھی  اپنے یونیفارم میں شرکت کی۔

اس موقع پر “اے پی پی ” سے گفتگو کرتے ہوئے  وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے کہا کہ ‘یادگارِ فتح’ کا یہ یادگاری نشان قوم کی اس فتح کی علامت ہے جس کی بنیاد  جرآت،  بہادری اور غیر متزلزل عزم پر رکھی گئی ہے۔انہوں نے ‘یادگارِ فتح’ کے افتتاح کو قوم اور آنے والی نسلوں کے لیے باعثِ فخر لمحہ قرار دیا۔تقریب کے دوران  پروجیکشن میپنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے شرکاء کو یادگار فتح کی تعمیر کی مکمل کہانی بھی نہایت خوبصورت انداز میں پیش کی گئی جس میں یادگارِ فتح کی تعمیر میں شامل غیر معمولی ٹیم اور یادگار کی تعمیر کے آغاز سے تکمیل تک کے سفر کو اجاگر کیا گیا۔دستاویزی فلم میں بتایا گیا کہ یادگار میں پانچ محرابیں تعمیر کی گئی ہیں جو اسلام کے پانچ ارکان کی علامت ہیں جبکہ یہ محرابیں پاکستان کے پانچ ستونوں کی بھی نمائندگی کرتی ہیں جن میں حکومت، عسکری قوت، میڈیا، عوام اور قومی نظریہ شامل ہیں۔

یادگار کا ڈیزائن پاکستان کی مسلح افواج کی تینوں سروسز یعنی بری فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے ساتھ ساتھ سائبر دفاع اور خلائی جنگ کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ اس شاندار تقریب میں عوام کی بھرپور شرکت نے بے مثال قومی جذبے، حب الوطنی اور ملک کے دفاع کے عزم کی شاندار عکاسی کی۔عوامی حلقوں اور ماہرین نے جدید ٹیکنالوجی اور منفرد فنِ تعمیر کے اس عظیم شاہکار کو غیر متزلزل قومی عزم کی لازوال علامت قرار دیاہے۔ اس یادگار کو دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اس میں پروجیکشن میپنگ کا جدید ترین نظام نصب کیا گیا ہے۔اس نظام کی بدولت روشنی، موسیقی اور فنِ تعمیر کا ایک ایسا حسین امتزاج تخلیق کیا گیا ہے جو دیکھنے والوں کو سحر زدہ کر دیتا ہے۔

تقریب  میں گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹر رضا اللہ نے پاکستان  کی مسلح افواجِ کی بہادری اور  گراں قدر قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا.  انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے ماضی میں بھی دشمن کو عبرتناک شکست دی   ہے اور آئندہ بھی  اسی طرح شکستِ فاش دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ وہ  پاکستانی ہونے پر بے حد فخر  محسوس کرتے ہیں۔ اس موقع پر چاچا کرکٹ نے معرکہ حق میں شاندار فتح پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے لیے ہزاروں جانیں بھی نچھاور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان نے اپنی کامیابیوں  کی بدولت  پوری دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔واضح رہے کہ اتوار سے یادگار فتح پیر کے علاوہ تمام دنوں میں شام پانچ سے رات دس بجے تک عوام کیلئے کھلی رہے گی۔یادگار کی سیرکیلئے مفت ٹکٹ ویب سائٹ Yadgarefatah.netکے ذریعے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔