سیکریٹری وزارت اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی  کا اے پی پی کا  دورہ،  اے پی پی  کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

201

اسلام آباد ، 18 فروری (اے پی پی ): سیکریٹری وزارت اطلاعات و نشریات  اکبر حسین درانی  نے قومی خبر رساں ایجنسی، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی )کا  دورہ  کیا ، دورہ کے دوران  اے پی پی  کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ جدید دور کے تقاضوں کو پیش نظر رکھ کر ادارے کی کارگردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

دورے کے دوران سیکریٹری اطلاعات نے اے پی پی کے مُختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ  دور میں سوشل میڈیا خبروں کا مرکزی ذریعہ بن چُکا ہے، اے پی پی قابل اعتبار خبروں کی ترسیل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اے پی پی، یونیورسٹی کے  طالب علموں کی میڈیا کے حوالے سے تربیت سازی کر سکتی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی اے پی پی ڈاکٹر طارق محمود خان   نے بتایا کہ اے پی پی قومی اور بین الاقوامی سطح پر قومی تشخص کو اجاگر کر رہا ہے۔ مُختلف زبانوں میں قابل اعتماد خبر وں کی بروقت ترسیل اے پی پی کا طرۂ امتیاز ہے۔اردو انگریزی اخبارات کی کثیر تعداد سمیت علاقائی اور بین الاقوامی اخباروں کو خبریں بھیجی جاتی ہیں۔ میڈیا کے جدید تقاضوں کے پیش نظر ویڈیو سروس اور  سوشل میڈیا کو فعال کیا گیا ہے۔

انہوں نے  مزید بتایا کہ میڈیا کے معتبر بین الاقوامی اور قومی ادارے اے پی پی کی خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ نئے شعبے بنانے سے اے پی پی کی کارگردگی مزید بہتر ہوئی ہے۔

وی این ایس ، اسلام آباد