مالم جبہ، 09 فروری (اے پی پی ): تیسرے مالم جبہ انٹر نیشنل الپائن اسکی کپ، چوتھے چیف آف ائیر سٹاف انٹرنیشنل اسکی کپ اور27 ویں قومی اسکی چیمپیئن شپ کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے ، اختتامی تقریب آج مالم جبہ (سوات) میں منعقد کی گئی۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ ایئر مارشل احمر شہزاد وائس چیف آف ائیر اسٹاف، پاکستان ائیر فورس جو کہ ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر بھی ہیں بھی اس تقریب میں موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان نے پاکستان میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لئے پاک فضائیہ اور ونٹراسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کی کاوشوں کو سراہا، انہوں نے ان مقابلوں کو کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے پر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔
قبل ازیں ایئر وائس مارشل معید خان، ایئر آفیسر کمانڈنگ۔ ناردرن ایئر کمانڈ نے کہا کہ پاک فضائیہ پاکستان میں نہ صرف اسکیئنگ کو فروغ دینے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے بلکہ ابھرتے ہوئے اسکئیرزکو بین الاقوامی سرمائی مقابلوں میں شرکت کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے۔
مہمان خصوصی نے فاتح کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کئے اور پی اے ایف کی ٹیم کو 27 ویں قومی اسکی چیمپیئن شپ کی فاتح ٹرافی سے بھی نوازا۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد