نئے پاکستان میں عوام اور ہاﺅسنگ و تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ کاروباری برادری کا سرمایہ محفوظ ہے؛ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

145

اسلام آباد ، 8 فروری (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں عوام اور ہاﺅسنگ و تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ کاروباری برادری کا سرمایہ محفوظ ہے ، حکومت کی منصوبوں کے اجراءسے تکمیل تک کے عمل پر گہری نظر ہے، وزیر اعظم عمران خان نے جو اصلاحات متعارف کرائی ہیں ان کے ذریعے عوام کو یقین دلایا گیا ہے کہ آپ کی ایک ایک پائی کے امین ہیں، دھوکہ دہی، ہیرا پھیری اور نا انصافی کو روکنے ، قانونی پل باندھنے کے لئے ڈیجیٹل میکانزم متعارف کرایا گیا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں ہفتہ کو پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر میں پراپرٹی ایکسپو 2020 کے افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہاکہ سٹار مارکیٹنگ نے ہاﺅسنگ و تعمیرات سے وابستہ مختلف کاروباری اداروں اور گھر بنانے کے خواہش مند افراد کو ایک چھت تلے جمع کردیاہے۔ میں ان کو ان کی کاوشش پر مبارکباد دیتی ہوں اور یقین دلاتی ہوں کہ یہ نیا پاکستان ہے جہاں آپ کا سرمایہ محفوظ ہے۔کوئی بھی دھوکہ دہی، فراڈ اور دلفریب سہانے خواب دکھا کر آپ کے سرمائے کو لے کر نہیں بھاگ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ افتتاح کے موقع پر مختلف لوگوں سے ملنے کاموقع ملا جو اپنا گھر بنانے کی خواہش رکھتے ہیں، ان کی مشکلات اور خواہشات سے آگاہی ہوئی اور یہ بھی جاننے کا موقع ملا کہ اسے منصوبوں سے ان کی کیا خواہشات ہیں۔ نمائش میں کمرشل، نیم کمرشل اوررہائشی ہر سائز اور ہر قسم کے پلاٹ اورگھر کے آپشن فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رئیل سٹیٹ اور ڈویلپرز سمیت تمام کاروباری لوگ یہاں جمع ہیں اور ہم ڈیجیٹل ریگولیٹری میکانزم کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس سیکٹر سے وابستہ ایسے مافیا بھی دیکھے ہیں جو راتوں رات ارب پتی ہوئے ہیں اور وہ لوگ بھی دیکھے جو لکھ پتی سے کنگال ہوگئے۔حکومت رئیل سٹیٹ سیکٹر کوتقویت دے رہی ہے جس میں سٹار مارکیٹنگ نے حکومت کا ساتھ دیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کی بنیادتعمیراتی شعبہ سے وابستہ ہے جب تک یہ شعبہ ترقی نہیں کرے گا ہم حقیقی منزل کی طرف نہیں بڑھ سکتے، سرمایہ کاروں اور تارکین وطن کو چاہئے کہ وہ اس سیکٹر میں آئیں اور سرمایہ کاری کے فوائد حاصل کریں۔

اسحاق ڈار کے گھر سے متعلق سوال پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لاہور میں اسکے گھر کو کھول کر بے گھر افراد کو دےدیا ہے اور اب وہ اس گھر کے مالک اور مکین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک مفرور شخص لندن میں بیٹھ کر قانون کا مذاق اڑا رہا ہے، وہ دن دور نہیں جب ان کے بیرون ملک محلات تک بھی رسائی ہوگی اور اصل مکینوں کو لوٹے ہوئے وسائل منتقل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت کے ساتھ جو سوتیلا سلوک کیا گیا اس پر نظرثانی کرنے جارہے ہیں تاکہ اس صنعت کو اپنے قدموں پر کھڑا کیا جاسکے اور پاکستان کو استحکام کی جانب بڑھایا جاسکے۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام صحافتی تنظیموں کی مشاورت سے جرنلسٹس سیفٹی پروٹیکش بل متعارف کرانے جارہے ہیں جس کے ذریعے صحافتی اداروں اور ورکرز کیلئے ایک واضح لائحہ عمل طے ہوجائے گا۔ میڈیا ورکرز کے دکھوں کامداوا کریں گے اورقانون کے ذریعے حکومت میڈیا ہاﺅسز اور ورکرز کے درمیان احسن سرمایہ کاری کرےگی۔انہوں نے کہا کہ 8ویں ویج بورڈ ایوارڈ کے نوٹیفکیشن پر گزشتہ روز دستخط کردیے ہیں اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے، عمل درآمد سے میڈیا ورکرز کی مشکلات کم ہوں گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ رانا ثناءاللہ کے بین اوران کی چیخ و پکار لوگوں نے سن لی ہے، یہ کسی ظل سبحانی اور شنشہاہ کا دور نہیں جب قانون ان کے تابع ہوا کرتا تھا اور اب قانون ان کے گھر کی لونڈی نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ آپ کو عدالت نے بلاکر جواب طلبی کی ہے، ٹی وی چینلز پر اپنی صفائیاں دینے کی بجائے عدالت کے روبرو پیش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عدالت کے نظام کو خواہشات کی بھینٹ نہیں چڑھنے دے گی۔

وی   این ایس،  اسلا م آباد

Download Video