معاون خصوصی رانا ثناء اللہ سے  امریکی سفارتخانے کے مشیر برائے سیاسی امور  کی  ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

0

اسلام آباد،10جون  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ  سے امریکی سفارتخانے کے  مشیر برائے سیاسی امور ٹیری اسٹیئرز گونزالیز  نے ملاقات کی  جس دوران  پاک امریکا دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور بارے   تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی نمائندے نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار اہم اور قابلِ قدر ہے۔

 اس موقع پر  رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی ہے،پاک امریکا تعلقات کے استحکام سے خطے میں امن اور خوشحالی کو فروغ ملے گا۔

 وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نے  پاکستان اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری خطے کے روشن اور پرامن مستقبل کی ضامن ہے۔