نیول چیف کا  گوادر، تربت میں بحری تنصیبات اور جہازوں کا دورہ

144

اسلام آباد،27 فروری (اے پی پی): چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی   نے مشق  سی اسپارک کے دوران گوادر اور تربت میں پاک بحریہ کی تنصیبات اور کھلے سمندر میں بحری جہازوں کا دورہ کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ائیر اسٹیشن تربت میں نیول چیف کو پاک بحریہ کے فضائی اثاثوں کی تعیناتی اورآپریشنل منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی  جبکہ مکران کوسٹ  آمد پر پاک بحریہ کی آپریشنل سرگرمیوں اور دستوں کی تعیناتی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔

بعد ازاں نیول چیف نے کھلے سمندر میں پاک بحریہ کے جہازوں کے دورہ کےموقع پر جہازوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے اور دشمن کو سرپرائز کرنے کی تیاری کو سراہا۔

اس موقع پرنیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں کے تحفظ کے لئے آپریشنل تیاری اور حربی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پوسٹ پلوامہ کشیدگی کے دوران دشمن کی آبدوز کا سراغ لگانا پاک بحریہ کی حربی تیاری  اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے لئےدشمن کی جارحیت اور ہر طرح کے خطرات سےنبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

وی این ایس ، اسلام آباد

Download Video