وزیر خارجہ سے دوحہ مسجد میں بھارتی اور کشمیری شہریوں کی غیر رسمی ملاقات،مسلم کش فسادات پر آ واز اٹھانے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا

235

دوحہ،28 فروری(اے پی پی ):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےدوحہ کی مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کی جہاں نماز کی ادائیگی کے بعد بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں سے آ ئے ہوئے شہریوں نے وزیر خارجہ سے غیر رسمی بات چیت کی۔

بھارتی مسلمانوں نے بھارت میں مسلم کش فسادات پر آ واز اٹھانے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا جبکہ کشمیری مسلمانوں نے بھی اقوام متحدہ اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھانے پر وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے دلی میں ہندو انتہا پسند وں کی جانب سے مساجد کی شہادت اور بے حرمتی کی مزمت کی ہے ۔ بھارت میں سب سے بڑی اقلیت مسلمانوں سمیت اقلیتوں کو ہندو انتہا پسند نشانہ بنا رہے ہیں،بھارت میں مسلمانوں سمیت کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمان پہلے ہی بھارتی ریاستی بربریت کا شکار تھےاب بھارت میں رہنے والے مسلمان بھی اپنے گھروں میں محفوظ نہیں۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پولیس کا آ ر ایس ایس کے غنڈوں کے خلاف کارروائی نہ کرنا ریاستی رٹ پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلمان آ ج خود کو تنہا محسوس کر رہے ہیں۔

سورس:وی این ایس،اسلام آباد