لاہور، 19فروری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے برڈ ووڈ روڈ پر محکمہ پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر میں کرونا وائرس کی مانیٹرنگ کیلئے قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کرونا وائرس کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے حوالے سے کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ یہ کنٹرول روم 24گھنٹے فنکشنل ہے۔ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے کٹس منگوا لی ہیں۔ لاہور میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔ محکمہ صحت اورصوبائی انتظامیہ کرونا وائرس کے حوالے سے الرٹ ہے۔ ہماری حکومت کی کرونا وائرس کے حوالے سے صورتحال پر کڑی نظر ہے۔ مچھلی منڈیوں اوردیگر فوڈ پوائنٹس کی صفائی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ تمام احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور صوبائی حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث کرونا وائرس کا کوئی مریض پنجاب میں نہیں ہے۔ پنجاب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام ضروری اقدامات فی الفور اٹھا ئے گئے۔ عالمی ادارہ صحت کی وضع کردہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جارہا ہے۔ نشتر ہسپتال ملتان اور سروسز ہسپتال لاہور میں آئیسولیشن وارڈز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ایئرپورٹس پر بھی بیرون ملک خصوصاً چین سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سرویلنس اینڈ مانیٹرنگ سینٹر میں ہسپتالوں کی آن لائن مانیٹرنگ کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔
VNS, Lahore











