پاکستانی خواتین دنیا کی خواتین سے کم نہیں اور کھیلوں میں کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کریں گی: ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

1277

اسلام آباد، 6 مارچ ( اے پی پی):  وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین دنیا کی خواتین سے کم نہیں اور کھیلوں میں کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کریں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حمیدی ہال میں جار ی خواتین سپورٹس فیسٹیول میں کھلاڑیوں کو تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی،انہوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑی اپنے ٹیلنٹ کو بروئے کا ر لائیں تو دنیا کی بہترین کھلاڑی ہو سکتی ہیں ، پاکستانی کھلاڑیوں کی قابلیت کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ خواتین کو سپورٹس کے شعبے میں آگے بڑھ کر انٹرنیشنل سطح پر اپنا لوہا منوانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے لئے زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان میں ڈسپلن کی پابندی کرنی چاہئے انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کولڑکوں کی طرح کھیلوں کے مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ خواتین اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریں تاکہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ چلیں اورخواتین کو بھی وہ مقام ملنا چاہئے جو ان کا حق ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کو سائنس کی بنیاد پر چلانا چاہتی ہے،خواتین عالمی ڈے کے موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ زیراہتمام خواتین سپورٹس فیسٹیول ایک ہفتے تک جاری رہے گا، جس میں بارہ خواتین کھیلوں کے مقابلے کھیلے جا رہے ہیں، جن میں ٹینس، ہاکی، تائیکوانڈو، نیٹ بال، بیس بال، ٹیبل ٹینس، والی بال، جوڈو، سوئمنگ، فٹ بال اورسوکر فٹ سال کے مقابلے شامل ہیں، نیٹ بال، ہاکی، ٹینس، بیس بال، ٹیبل ٹینس اور تائیکوانڈو کے میچز کھیلے جاچکے ہیں، ٓآخری پر وفاقی وزیر نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، کل7 مارچ کو سوئمنگ اور فٹ بال اور 8 مارچ کو سوکر فٹ سال کے مقابلے رڈوھم ہال کھیلے جائیں گے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد