آج کا دن کشمیری بہن بھائیوں کو یاد کرنے کا دن ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

115

راولپنڈی، 23 مارچ (اےپی پی): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے  سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے اہل وطن کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن کشمیری بہن بھائیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ مظلوم کشمیری بھارتی بربریت کا شکار ہیں اور وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں۔ قدرتی آفت کوروناوائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ افواج پاکستان موجودہ صورتحال میں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پیر کے روز   میڈیا بریفنگ کے دوران  کیا ۔انہوں نے واضح کیا کہ تمام اسکول بند ہیں اورتمام اجتماعات پر پابندی عائد رہے گی۔ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ صرف فوڈ سپلائی کے لیے استعمال ہوگی۔

میجرجنرل بابرافتخار  نے کہا کہ  تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس انٹرنیشنل فلائٹس کے لیے چاراپریل تک بند رہیں گے۔

یہ انفرادی و اجتماعی طور پر مشکل فیصلے کرنے کا وقت ہے۔ کورونا کے خطرے پر قابو پانے کے لیے پاک افواج عوام کے شانہ بشانہ ہیں۔

ڈی جی آئی  ایس پی آر کا کہنا تھا کہ گزشتہ شام کور کمانڈرز کانفرنس میں لائن آف ایکشن کا جائزہ لیا گیا جس میں  چیف آف آرمی اسٹاف نے مسلح افواج کی میڈیکل کورکو تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ حکومت  نے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج کو طلب کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابرافتخار کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ نقل وحرکت کو محدود رکھنا ہی اس مہلک وبا سے بچاوَکا واحد حل ہے۔ انہوں نےکہا کہ اس وقت ترقی یافتہ ممالک بھی کورونا وائرس کے سامنے بے بس نظرآرہے ہیں۔چیلنجوں کا سامنا کر کے ہی قومیں آگے بڑھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ایک مرتبہ پھر ہمیں یکجا ہو کر اکھٹا ہونے کی ضرورت ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے ایک ماہ کی تنخواہ اس وبا سے نمٹنے کے لیے دینے کا اعلان کیا ہے۔

عوام الناس سے انہوں نے اپیل کی کہ وہ خود کو گھروں تک محدود رکھیں کیونکہ انفرادی حفاظت ہی مجموعی حفاظت ہے۔

 اے پی پی/حمزہ/فاروق