اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے شہر اقتدار میں کورونا الرٹ جاری

324

اسلام آباد،مارچ 19(اے پی پی ): اسلام آباد انتظامیہ نے دارالحکومت میں کورونا الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے تحت، دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ، تین ہفتے تک امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں اور کونا وائرس کے پیش نظر اسلام آباد میں بڑے تمام پبلک پارکس اور چڑیا گھر کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے شاپنگ مالز کو بھی مکمل یا جزوی طور پر بند کیا جا سکتا ہے۔اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے، میڈیکل کالجز، ٹیکنیکل اور ووکیشنل سینٹرز تین ہفتے کے لیے بند رکھے جائیں، نجی اور سرکاری ڈے کیئر سینٹرز،اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز اور مزار بھی بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق دینی مدارس، دینی سیمینارز اور دیگر سرگرمیاں تین ہفتے تک منسوخ کر دی گئی ہیں،غیر ملکی طلبہ کے علاوہ دیگر تمام زیرتعلیم نوجوانوں سے جلد از جلد مدارس اور ہاسٹلز خالی کرانے کی ہدایت جاری کر دی گئی، انتظامیہ نے شہر کے تمام سینما گھروں کو فوری طور پر تین ہفتے کے لیے بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام شادی ہالز اور مارکیز کو تین ہفتوں کے لیے بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، مذہبی تقریبات اور دیگر اجتماعات پر بھی تین ہفتوں کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے اور تمام نجی اور سرکاری سپورٹس فیسٹیول اور تقریبات 5 اپریل تک منسوخ کر دیے گئے ہیں،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو نوٹیفیکیشن کی کاپی بھجوا دی گئی۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download Video