صدر آصف علی زرداری سے وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ کی ملاقات، صدر مملکت کا عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے  موثر انداز میں اجاگر کرنے  پر زور

0

اسلام آباد،8اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی محتسب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس کی خدمات سے استفادہ کر سکیں۔

 صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں انہوں نے صدر مملکت کو سال 2025ء کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ایوان صدر کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی محتسب نے صدر مملکت کو ادارے کی کارکردگی اور عوام کو انتظامی انصاف تک رسائی بہتر بنانے کے لئے  کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی محتسب نے 2025ء میں ریکارڈ 261,101 شکایات کا ازالہ کیا جبکہ 2024ء میں 223,198 شکایات نمٹائی گئی تھیں۔

 انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں پر عمل درآمد کی شرح 96.8 فیصد رہی۔انہوں نے صدر مملکت کو وفاقی محتسب کے ادارے کی 28 شہروں تک توسیع اور بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے قائم ون ونڈو سہولت ڈیسکس کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباً 88 فیصد شکایات قانونی طور پر مقرر کردہ 60 روز کی مدت میں نمٹائی گئیں۔صدر مملکت نے وفاقی محتسب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ عوام کو ایک مفید خدمت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ وفاقی محتسب کی سرگرمیوں بالخصوص عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو موثر انداز میں اجاگر کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس کی خدمات سے استفادہ کر سکیں۔